پاکستان

معروف پاکستانی یوٹیوبر اور وی لاگر حنا دانیال ملک کی موت کیسے ہوئی؟

معروف پاکستانی یوٹیوبر اور وی لاگر حنا دانیال ملک کی اچانک موت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر مختلف واقعات اور حادثات کے حوالے دیے جارہے ہیں— فوٹو: فائل
معروف پاکستانی یوٹیوبر اور وی لاگر حنا دانیال ملک کی اچانک موت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر مختلف واقعات اور حادثات کے حوالے دیے جارہے ہیں— فوٹو: فائل

معروف پاکستانی یوٹیوبر اور وی لاگر حنا دانیال ملک کی اچانک موت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر مختلف واقعات اور حادثات کے حوالے دیے جارہے ہیں لیکن ان کی بڑی بہن حرا انیس نے حنا دانیال ملک کی المناک موت کے حوالے سے ایک ویڈیو پیغام میں اصل تفصیلات شیئر کی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حنا دانیال ملک کو 8 جون کو گھر میں برین اسٹروک ہوا تھا۔ ان کے شوہر کی فون کال آنے پر وہ اچانک بہن کے گھر پہنچیں تو دیکھا کہ وہ بیڈ پر بے سدھ لیٹی ہوئی تھیں۔ وہ بول نہیں پا رہی تھیں، اشاروں سے اپنی طبیعت کی خرابی کا بتایا، ان کے جسم کے کچھ حصے مفلوج ہوگئے تھے، ان کے ایک ہاتھ نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا اور جبڑے ٹیڑھے ہوچکے تھے۔

حرا انیس کے مطابق وہ فوری طور پر بہن کو ان کے شوہر کے ہمراہ نیوٹاؤن کے قریب واقع نجی اسپتال لے کر گئیں جہاں ایمرجنسی میں مختلف ڈاکٹرز کافی دیر تک ان کا معائنہ کرنے آتے جاتے رہے، بعدازاں ایک لیڈی ڈاکٹر نے حنا دانیال کا سی ٹی اسکین کرانے کا کہا جو فوری طور پر کرا دیا گیا۔

خاتون کے مطابق اسپتال میں کوئی سینیئر ڈاکٹر موجود نہیں تھا۔ ٹرینی عملہ سینیئر ڈاکٹرز کو واٹس ایپ کے ذریعے رپورٹس بھیج رہا تھا اور مشورہ لے رہا تھا جس کے بعد سی ٹی اسکین کے عملے نے انہیں بتایا کہ حنا کو برین اسٹروک ہوا ہے، ان کے دماغ کا انتہائی حساس آپریشن ہوگا، جس کیلئے فوری طور پر 11 لاکھ روپے کاؤنٹر پر جمع کرانے کا کہا گیا۔

حرا انیس کے مطابق وہ نارمل حالات میں اسپتال گئے تھے اور  اس قدر خطیر رقم اچانک جمع کرانا مشکل تھا۔ انہوں نے ہاتھ پاؤں مار کر 5 لاکھ سے زائد رقم کا بندوبست کرلیا اور جمع کرانے کا کہا تو عملے نے منع کردیا کہ پہلے پوری رقم جمع کرائیں اس کے بعد ہی سینیئر ڈاکٹرز آپریشن کرنے کیلئے آئیں گے۔

خاتون نے کہا کہ رات گئے اچانک اتنی زیادہ رقم کہاں سے اور کیسے حاصل کرتے؟ وہ پریشان ہوئے اور حنا ملک کو نجی اسپتال سے لے کر گلشن اقبال میں ایک اور نجی اسپتال لے گئے مگر اس وقت تک کافی تاخیر ہوچکی تھی، حنا دانیال کو  پہلے انتہائی نگہداشت کے خصوصی شعبے میں داخل کیا گیا جس کے بعد مزید طبیعت خراب ہونے پر انہیں وینٹی لیٹر پر لے جایا گیا۔ انتہائی تکلیف دہ صورتحال کے بعد وہ 11 جون کی صبح 6 بجے انتقال کر گئیں، انہیں سخی حسن کے قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔

حنا کی بہن نے ڈاکٹرز کی شقی القلبی اور بے حسی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

خیال رہے کہ حنا دانیال ملک ایک مشہور  پاکستانی یوٹیوبر اور وی لاگر تھیں جو بازاروں، مالز، ریستورانوں اور دیگر مختلف مقامات کے حوالے سے لوگوں کی رہنمائی کیلئے جانی جاتی تھیں۔ 

وہ مختلف بازاروں میں جا کر کپڑوں اور دیگر اشیاء پر تجزیے کرتی تھیں۔ اس کے نتیجے میں حنا دانیال ملک کو بہت سے لوگ پسند کرتے تھے اور ان کے یوٹیوب چینل پر 32 ہزار سے زیادہ سبسکرائبر تھے۔ 

حنا ملک نے انسٹاگرام اور ٹک ٹاک پر بھی مضبوط موجودگی برقرار رکھی، جہاں وہ اپنی روزمرہ کی زندگی کے بارے میں اپ ڈیٹس شیئر کرتی تھیں۔


مزید خبریں :