20 جون ، 2022
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے کیس میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں کو کنفرم کرتے ہوئے ان کی ضمانتیں منظور کرلی ہیں۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کی عدالت میں لانگ مارچ کےدوران توڑ پھوڑ کے کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں پی ٹی آئی رہنما قاسم سوری ، شہریار آفریدی ، علی محمد خان ، اسد عمر، فیصل جاوید اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔
دورانِ سماعت فاضل جج نے ریمارکس دیے کہ تھانہ ترنول،گولڑہ اور آئی نائن کے مقدمے میں کوئی شامل تفتیش نہیں ہوا، میں تفتیشی کو پابند کر دیتا ہوں آپ شامل تفتیش ہو جائیں۔
فاضل جج نے استفسار کیا کہ ابھی عدالت میں کون کون سے ملزمان پیش ہوئے ہیں، وکیل کے بتانے پر جج نے ملزمان کو ہدایت کی کہ آپ کی حاضری لگ گئی ہے آپ بےشک چلے جائیں۔
بعد ازاں عدالت نے تمام مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانتوں کی درخواست پرفیصلہ محفوظ کرلیا جسے کچھ دیر بعد سناتے ہوئے تمام افراد کی عبوری ضمانتیں کنفرم کردیں۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے قاسم سوری، شہریار آفریدی، علی محمد خان، اسد عمر، فیصل جاوید،شیرازبشارت ،راجہ خرم نواز ،شیخ رشید،مرادسعید، پرویز خٹک ، شاہ محمود قریشی اور دیگر کی ضمانتیں منظور کرلیں۔
دوسری جانب عدالت نے تھانہ کوہسار کے مقدمہ نمبر 425 میں فیصلہ مؤخر کردیا۔