Time 20 جون ، 2022
پاکستان

شدید بارشوں کا خطرہ: این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا

بارش کے نئے اسپیل سے خیبرپختونخوا، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے: این ڈی ایم اے/ فائل فوٹو
 بارش کے نئے اسپیل سے خیبرپختونخوا، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے: این ڈی ایم اے/ فائل فوٹو

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے شدید بارشوں کے خطرے کے پیش نظر تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کردی۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ ایڈ وائزری کے مطابق ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آج سے شدید بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے جب کہ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا سلسلہ بدھ تک جاری رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری  کے بعد این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کیا ہے جس میں صوبائی محکموں، نیشنل ہائی وے اتھارٹی، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن اور دیگر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی  ہیں۔

این ڈی ایم اے نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہےکہ بارش کے نئے اسپیل سے خیبرپختونخوا، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے جب کہ شدید بارشوں سے راولپنڈی اور اسلام آباد کے نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

این ڈی ایم اے نے نشیبی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو بھی الرٹ رہنے اور کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال پیدا ہونے کی صورت میں متعلقہ حکام کو اطلاع دینے کی ہدایت کی ہے۔

مزید خبریں :