عامرلیاقت کے پوسٹ مارٹم کے عدالتی حکم پر عملدرآمدکا آغاز

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ممبر قومی اسمبلی (ایم این اے) عامر لیاقت حسین کے پوسٹ مارٹم کے عدالتی حکم پر عمل درآمد شروع کردیا گیا۔

محکمہ صحت سندھ نے پوسٹ مارٹم کے لیے پولیس سرجن کو خط لکھ دیا ہے، خط میں کہا گیا کہ عدالت نے عامرلیاقت کی موت کی وجہ جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم کا حکم دیا ہے، اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کو مطلع کیا جائے اور ضروری اقدامات کیے جائیں۔

خیال رہےکہ ممتاز ٹی وی اینکر، مقرر  اور ایم این اے عامر لیاقت 9 جون کو اپنے کمرے میں بے ہوش پائےگئے تھے، ملازمین کی اطلاع پر عامر لیاقت کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی موت کی تصدیق کی گئی۔

پولیس رپورٹ کے مطابق ڈاکٹرکا کہنا تھا کہ جسم کا اندرونی جائزہ لیے جانے تک عامر لیاقت کی موت کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکتیں۔

انتقال کے اگلے روز عامر لیاقت کی تدفین ان کی وصیت کے مطابق عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں کی گئی تھی۔

دو روز قبل کراچی کی مقامی عدالت نے عامر لیاقت حسین کے پوسٹ مارٹم کا حکم دیا تھا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کا تحریری حکم نامے میں کہنا تھا کہ ورثاء کا مؤقف ہےکہ پوسٹ مارٹم سے عامرلیاقت کی قبرکی بے حرمتی ہوگی،کوئی شک نہیں کہ ورثاء عامر لیاقت کی قبر کے وارث ہیں تاہم موت مشکوک ہو اور جرم کا بھی خدشہ ہو تو انصاف کے نظام کو حرکت میں آناچاہیے۔

سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ ورثاء عامر لیاقت کا پوسٹ مارٹم نہیں کرانا چاہتے، ورثاء کہتے ہیں کہ پوسٹ مارٹم کرانے سے ان کے والد کی روح کو تکلیف پہنچے گی، ورثاء کہتے ہیں کہ ہمیں کسی پرشک بھی نہیں ہے۔

مزید خبریں :