کھیل

شہروز کاشف نے رواں سال 8 ہزار میٹر سے بلند مزید 5 چوٹیوں کو سر کرنے کا ارادہ کرلیا

فوٹو:شہروز کاشف
فوٹو:شہروز کاشف

پاکستان کے نوجوان کوہ پیما  شہروز کاشف نے 8 ہزار میٹر سے بلند مزید 5 چوٹیوں کو اس ہی سال کرنے کا ارادہ کرلیا ہے۔

دنیا کی 5 بلند ترین چوٹیوں کو سر کرنے والے کم عمر ترین کوہ پیما شہروز کاشف نے جیو نیوز کو بتایا کہ وہ اگلے ماہ پاکستان میں موجود 8 ہزار میٹر سے بلند مزید 3 چوٹیوں کو سر کریں گے اس سلسلے میں وہ یکم جولائی کو 8،125 میٹر بلند دنیا کی نویں بلند ترین چوٹی نانگا پربت پر مہم جوئی شرو ع کریں گے۔نانگا پربت کے بعد  وہ گیشربرم ون اور گیشربرم ٹو کو سر کریں گے۔ 

شہروز کاشف کا کہنا تھا کہ وہ اس سال ستمبر میں ایک بار پھر نیپال کا رخ کریں گے جہاں وہ دنیا کی چھٹی بلند ترین چوٹی چی اویو  اور ساتویں بلند ترین چوٹی داؤلاگیری کو سر کریں گے ۔ اگر شہروز ان تمام ٹارگیٹس کو حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے تو اس سال کے آخر تک وہ 8 ہزار میٹر بلند 14 چوٹیوں میں سے 12 کو سر کرلیں گے۔

شہروز کاشف تمام 14 چوٹیاں سر کرنے والے کم عمر ترین کوہ پیما ہونے کا اعزاز حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

پاکستانی کوہ پیما نے گزشتہ ماہ نیپال میں کینچن جونگا، لوٹسے اور مکالو کو سر کیا تھا اور اس سے قبل وہ ماؤنٹ ایوریسٹ، کے ٹو، مناسلو اور براڈ پیک سر چکے ہیں۔

شہروز کاشف کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ریکارڈ کی جانب بڑھنا چاہتے ہیں لیکن اسپانسرز کی عدم موجودگی ان کی پیش قدمی میں حائل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سال مزید 5 چوٹیوں کو سرکرنے کا پلان تو بنالیا ہے لیکن اگر بروقت اسپانسرشپ نہ مل سکی تو ریکارڈ کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی ہوسکتی ہیں۔

مزید خبریں :