دنیا
Time 21 جون ، 2022

ایلون مسک نے امریکا میں شدید معاشی بحران کی پیشگوئی کردی

ایلون مسک نے یہ بات ایک انٹرویو میں کہی / اے ایف پی فوٹو
ایلون مسک نے یہ بات ایک انٹرویو میں کہی / اے ایف پی فوٹو

ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے خبردار کیا ہے کہ امریکی معیشت کے لیے شدید معاشی بحران کا امکان بڑھتا جارہا ہے۔

دنیا کی سب سے بڑی معیشت میں کساد بازاری کے خدشات اس وقت بڑھ گئے تھے جب امریکا میں مہنگائی کا مقابلہ کرنے کے لیے شرح سود میں اضافہ کیا گیا۔

دنیا کے امیر ترین شخص نے اس حوالے سے کہا کہ امریکا میں مستقبل قریب میں شدید معاشی بحران کا امکان نظر آتا ہے۔

قطر اکنامک فورم کے موقع پر ایک انٹرویو میں ایلون مسک نے کہا 'آنے والے وقت میں کساد بازاری ناگزیر نظر آتی ہے'۔

انہوں نے کہا کہ ضروری نہیں کہ ایسا ہو مگر موجودہ حالات میں اس کا امکان زیادہ ہے۔

کچھ عرصے قبل ایلون مسک نے ٹیسلا عہدیداران کو ایک ای میل میں کہا تھا کہ معاشی صورتحال کے بارے میں انہیں 'کچھ زیادہ اچھا نہیں' لگ رہا۔

بعد ازاں ٹوئٹر میں اپنے پیغامات میں انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر معاشی بحران 12 سے 18 ماہ تک برقرار رہ سکتا ہے۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ درحقیقت کساد بازاری اچھی چیز ہے، کچھ بیوقوف افراد پر عرصے سے دولت کی بارش ہورہی تھی تو اب کچھ کو دیوالیہ ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کووڈ کے باعث گھروں میں رہ کر کام کرنے والے افراد لوگوں میں یہ احساس پیدا کررہے ہیں کہ انہیں محنت کرنے کی ضرورت نہیں، تو ان کو جگانے کے لیے سخت حالات ضروری ہیں۔

مزید خبریں :