بلوچستان کا بجٹ پیش: تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ، مزدوروں کی اجرت بڑھادی گئی

بلوچستان کا مالی سال 23-2022 کا صوبائی بجٹ پیش کردیا گیا جس کا حجم 612 ارب 70 کروڑ روپے ہے— فوٹو: فائل
بلوچستان کا مالی سال 23-2022 کا صوبائی بجٹ پیش کردیا گیا جس کا حجم 612 ارب 70 کروڑ روپے ہے— فوٹو: فائل

بلوچستان کا مالی سال 23-2022 کا صوبائی بجٹ پیش کردیا گیا جس کا حجم 612 ارب 70 کروڑ روپے ہے۔

بلوچستان اسمبلی کا بجٹ اجلاس قائم مقام اسپیکر بابر موسیٰ خیل کی زیرصدارت ہوا جس میں صوبے کا بجٹ پیش کیا گیا۔

بجٹ دستاویز کے مطابق بلوچستان کے بجٹ میں کل آمدن کا تخمینہ 528.6 ارب روپے لگایا گیا ہے جبکہ بجٹ میں خسارے کا تخمینہ 72.8 ارب روپے ہے۔

بلوچستان کو آئندہ مالی سال کے بجٹ میں وفاقی ٹرانسفرز سے 370.33 ارب روپے ملیں گے، بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 15 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔

پہلے سے قائم بلوچستان پنشن فنڈ کیلئے چار ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ مزدوروں کی کم سےکم اجرت 25 ہزار روپے مقرر کردی گئی ہے۔

بلوچستان کے بجٹ میں صحت کےشعبے کیلئے 43ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ امن وامان کیلئے 56 ارب روپے  اور تعلیم کے شعبے کیلئے 83ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔