کھیل
Time 23 جون ، 2022

عالمی چیمپئن شپ کے دوران سوئمرکے ڈوبنے اور بچانے کا ڈرامائی واقعہ

یہ واقعہ ہنگری میں ورلڈ ایکواٹکس چیمپن شپ کے دوران پیش آیا / اے ایف پی فوٹو
یہ واقعہ ہنگری میں ورلڈ ایکواٹکس چیمپن شپ کے دوران پیش آیا / اے ایف پی فوٹو

ویسے تو یہ تصور کرنا ہی مشکل ہے کہ ایک ماہر تیراک سوئمنگ کے مقابلے میں ڈوب جائے۔

مگر ایسا ڈرامائی واقعہ ہنگری کے دارالحکومت بڈاپسٹ میں ورلڈ سوئمنگ چیمپئن شپ کے دوران پیش آیا۔

امریکا سے تعلق رکھنے والی آرٹسٹک سوئمر انیتا ایلوریز کو ان کی کوچ نے اس وقت بچایا جب وہ پانی کے اندر بے ہوش ہونے کے باعث ڈوبنے لگی تھیں۔

انیتا ایلوریز نے ورلڈ ایکواٹکس چیمپئن شپ کے سولو فری فائنل کو مکمل کررہی تھیں جب وہ اچانک بے ہوش کر سوئمنگ پول کی تہہ میں چلی گئیں۔

ان کی کوچ اینڈریا فیونٹس کو فوری طور پر کسی گڑبڑ کا احساس ہوگیا اور انہوں نے پول میں چھلانگ لگا کر انیتا ایلوریز کو باہر نکالا۔

انیتا ایلوریز تیسری بار ورلڈ چیمپئن شپ میں شرکت کررہی تھیں اور جب ان کو باہر نکالا گیا تو سانس تھمی ہوئی تھی۔

سوئمرکو فوری طور پر وہاں موجود طبی مرکز میں منتقل کیا گیا اور ٹیم یو ایس اے کی جانب سے کچھ دیر بعد بیان جاری کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اب انیتا کی حالت بہتر ہے۔

اینڈریا فیونٹس نے بتایا کہ اس واقعے کے باوجود انیتا ایلوریز 24 جون کو ٹیم ایونٹ کو مکمل کرنے کے لیے پرامید ہیں۔

انہوں نے کہا 'یہ بہت زیادہ خوفزدہ کردینے والا واقعہ تھا، میں بہت ڈر گئی تھی کیونکہ وہ سانس نہیں لے رہی تھی، مگر اب اس کی حالت بہتر ہے'۔

یہ پہلا موقع نہیں جب انیتا ایلوریز سوئمنگ پول میں بے ہوش ہوگئی تھیں، اس سے قبل 2021 میں اولمپک کوالیفائر مقابلوں میں بھی اسی طرح کا واقعہ پیش آیا تھا اور اس موقع پر بھی ان کی کوچ نے انہیں بچایا تھا۔

مزید خبریں :