23 جون ، 2022
بالی وڈ اداکار انیل کپور نے آج کل کی شادیوں اور لڑکے لڑکیوں کے مزاج سے متعلق اظہارِ خیال کیا ہے۔
انیل کپور ان دنوں اپنی آنے والی فلم 'جُگ جُگ جیو' کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں، ایک انٹرویو کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے شادی سمیت اپنے کیریئر سے متعلق گفتگو کی۔
اداکار نے کہا کہ 'آج کل کے بچوں میں بالکل صبر نہیں ہے اور لڑکے شادی کے لیے زیادہ بے تاب ہیں جب کہ لڑکیوں کی طرف سے ایسا کچھ دیکھنے کو نہیں ملتا، لڑکیاں کہتی ہیں کہ وقت ہوگا تو کرلیں گے'۔
انیل کپور کا کہنا تھا کہ 'اب خواتین زیادہ سمجھدار اور بااختیار ہیں، وہ اس حوالے سے کوئی دباؤ نہیں لیتیں، میری دونوں بیٹیوں کا یہ خیال تھا کہ ہمیں شادیاں کرنی ہیں اور بچوں کی بھی خواہش ہے لیکن یہ سب اپنے وقت پر ہی کریں گے اور انہوں نے ایسا ہی کیا'۔
دوسری جانب اپنے کیریئر کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ 'میں نے کئی فلمیں دوستوں کی مدد کے لیے کردیں، بعد میں مجھے خود سمجھ نہیں آیا کہ ایسا کیوں ہوا، مختلف وجوہات تھیں لیکن میں نے فلمیں بس کردیں'۔
واضح رہے کہ فلم جُگ جُگ جیو 24 جون کو ریلیز کی جائے گی۔