25 جون ، 2022
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کےلانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کےکیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا (کے پی) محمود خان کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے کیس کی سماعت ہوئی۔
وکیل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ مقدمہ سیاسی طور پر بنایا گیا، دفعات بھی قابل ضمانت ہیں، احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے، آئین بھی اجازت دیتا ہے۔
سیشن جج کامران بشارت مفتی نے وزیراعلیٰ کے پی محمود خان کی7 جولائی تک ضمانت منظورکی، عدالت نے محمود خان کو پانچ، پانچ ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانےکا حکم دے دیا۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر پولیس کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔
خیال رہےکہ محمود خان کے خلاف تھانہ کوہسار اور تھانہ ترنول میں 3 مقدمات درج ہیں۔