25 جون ، 2022
لاہور: مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری مونس الٰہی نے 24 ارب روپےکی منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے معاملے پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے)کے سوالات کے جوابات جمع کرادیے۔
ایف آئی اے میں جمع کرائےگئے جواب میں مونس الٰہی نے محمد نواز بھٹی چپراسی کےمتعلق لکھاکہ وہ نہ تو نواز بھٹی چپراسی کو جانتے ہیں اور نہ ہی اس کے 32 بینک اکاؤنٹس سے متعلق کچھ معلوم ہے۔ مونس الٰہی نےنواز بھٹی کے شیئرز سے متعلق بھی نفی میں جواب دیا۔
رحیم یارخان گروپ کے حوالےسےمونس الٰہی نے لکھاکہ یہ گروپ بنانے میں ان کا کوئی کردار نہیں، البتہ خسرو بختیار کے بھائی عمر شہریار سے کاروباری تعلق ہے۔
مونس الٰہی نےجواب دیاکہ ان کے بھائی راسخ الٰہی نے شیئرز تحفے میں دیے تھے جن سے ایکس کیپٹل لمیٹڈ کے ذریعے 16اعشاریہ2 فیصد شیئرز حاصل کیے ، 18اعشاریہ63 فیصد شیئرز انویسٹمنٹ کر کے 'ایم ای کیپیٹل لمیٹڈ' کے ذریعے لیے ، مونس الٰہی نے مزید لکھا کہ ایف بی آر میں جمع کرائی گئی تفصیلات میں سب کچھ پہلے سے ڈیکلیئرڈ ہے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہےکہ مونس الٰہی اپنے جوابات سے مطمئن نہیں کر سکے، انہیں دو بارہ بلائے جانے کا امکان ہے۔