Time 25 جون ، 2022
پاکستان

عمران خان نے پاکستان کے خاتمے کو ایجنڈا بنایا اور معیشت کو مشکلات میں ڈالا، فضل الرحمان

عمران خان سمجھتے رہے کہ جو منہ میں آئےگا بولتے رہیں گے، اب دیکھتا ہوں عمران خان کیسے کچھ کرتےہیں، سربراہ جے یو آئی— فوٹو: فائل
عمران خان سمجھتے رہے کہ جو منہ میں آئےگا بولتے رہیں گے، اب دیکھتا ہوں عمران خان کیسے کچھ کرتےہیں، سربراہ جے یو آئی— فوٹو: فائل

سربراہ جمعیت علمائے  اسلام (جے یو  آئی) مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ چار سالوں میں اداروں اور  سیاست دانوں کے ہاتھ مروڑے گئے، عمران خان نے معیشت اور ملک کی تہذیب کو تباہ کردیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے  پاکستان کی بقا کیلئے تحریک چلائی اور تمام جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا۔

مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا آئین امریکا اور مغربی ممالک کے نشانے پر ہے، ہماری جدوجہد اپنے نظریے، عقیدے اور نصب العین کی بقا کیلئے ہے، تمام سیاسی قوتوں کا ایک جگہ اکٹھا ہونا ضروری تھا۔

انہوں نے کہا کہ  عمران خان کی حکومت نے پاکستان کے خاتمے کو  اپنا ایجنڈا بنایا اور معیشت کو مشکلات میں ڈالا ، گزشتہ نااہل حکومت کےخلاف تمام جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا، عمران خان سمجھتے رہے کہ جو منہ میں آئےگا بولتے رہیں گے، اب دیکھتا ہوں عمران خان کیسے کچھ کرتےہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آئی ایم ایف کے دباؤ کا حکمت سے مقابلہ کریں گے، ملک کے مفاد پر سمجھوتہ کرنے کو تیار نہیں، عمران خان نے سازش کا خط لہرایا اور اب خاموش ہوگئے، یہ جلسےکی بات کرتے ہیں، میت پر اگر  ایک کروڑ لوگ اکٹھے ہوجائیں تو مردہ زندہ نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل حاصل کیے گئے علم پر عمل کرے، بیرونی ایجنڈے کے تحت سی پیک منصوبے کو پس پشت ڈالا گیا، معاشی عدم استحکام آپ نے عمرانی حکومت میں دیکھ لیا، امریکا نے  بھی دھمکی آمیز  خط کے بیا نیے کو   یکسر مسترد کر دیا۔

مزید خبریں :