20 فیصد آبادی کو متاثر کرنے والا عارضہ درحقیقت انسانوں کی بقا کیلئے ضروری ہے، تحقیق

یہ بات ایک تحقیق میں سامنے آئی / رائٹرز فوٹو
یہ بات ایک تحقیق میں سامنے آئی / رائٹرز فوٹو

ڈیسلیسیا نامی عارضے کے بارے میں آپ نے سنا ہوگا یا بالی وڈ فلم 'تارے زمین پر' میں اس سے متاثر بچے کی کہانی کو دیکھا ہوگا۔

ڈیسلیسیا ایک ایسا عارضہ ہے جس سے متاثر فرد کو پڑھنے لکھنے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے کیونکہ اس کے لیے مختلف الفاظ کو پہچاننا مشکل ہوتا ہے، ایک تخمینے کے مطابق دنیا کے ہر 5 میں سے ایک فرد کو اس کا سامنا ہوتا ہے۔

مگر اب پہلی بار ماہرین نے دریافت کیا ہے کہ پڑھنے لکھنے کا یہ عارضہ درحقیقت انسانوں کی بقا اور پھلنے پھولنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آئی۔

کیمبرج یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ ممکنہ طور پر اس عارضے نے انسانوں کو بدلتے ماحول سے مطابقت پیدا کرنے میں مدد فراہم کی۔

تحقیق کے مطابق اس 'دماغی کمی' کی ایک ارتقائی بنیاد ہے اور اس نے انسانوں کی بقا میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

جریدے فرنٹیئرز ان سائیکولوجی میں شائع تحقیق میں ماہرین نے زور دیا کہ ڈیسلیسیا کو دماغی عارضہ سمجھنے کا تصور بدلنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ نتائج سے ہمیں ڈیسلیسیا سے متاثر افراد کی ذہنی مضبوطی کو زیادہ بہتر طریقے سے سمجھنے میں مدد ملے گی۔

چونکہ یہ عارضہ دنیا کی 20 فیصد آبادی کو کسی حد تک متاثر کرتا ہے تو اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس تحقیق میں ڈیسلیسیا کے ارتقائی مقاصد کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔

تحقیق میں یہ خیال پیش کیا گیا کہ ہمارے آباؤ اجداد میں سوچنے کے مختلف انداز کا ارتقا ہوا، جس سے انسانوں کی مختلف یا بدلتے ماحول سے مطابقت پیدا کرنے کی صلاحیت بڑھ گئی۔

محققین نے کہا کہ ہمارا ماننا ہے کہ ڈیسلیسیا سے متاثر افراد کو جن شعبوں میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے اس کے بدلے میں ان کی موجودہ علم کے اندر نئے راستوں اور تفصیلات کی کھوج کی صلاحیت بہتر ہوجاتی ہے، ایسے افراد  مخصوص شعبوں جیسے ایجادات، تنوع اور دریافت وغیرہ میں زیادہ مہارت رکھتے ہیں۔

محققین نے کہا کہ نئے مواقعوں کی کھوج اور مخصوص انتخاب کے فوائد کے درمیان توازن ہماری روزمرہ کی زندگی میں ماحول سے مطابقت اور بقا کے لیے اہم ترین عنصر ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیسلیسیا سے لوگوں کو جن مسائل کا سامنا ہوتا ہے اس کی کمی دیگر شعبوں میں پوری ہوجاتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ایسے افراد فنون لطیفہ، کاروبار اور تعمیرات جیسے ان شعبوں میں نمایاں ہوتے ہیں جن میں جانچ پڑتال کی صلاحیتوں کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔

مزید خبریں :