فی یونٹ بجلی ایک ماہ کیلئے مزید7 روپے 90 پیسے مہنگی ہوگی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

مئی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے فی یونٹ بجلی ایک ماہ کے لیے مزید 7 روپے 90 پیسے مہنگی ہوگی۔

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے مئی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ بجلی 7 روپے 96 پیسے مہنگی کرنےکی درخواست کی تھی۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے درخواست پر سماعت مکمل کرلی ہے اور حتمی فیصلہ بعد میں جاری ہوگا۔

دوران سماعت نیپرا کو بتایا گیا کہ بجلی پیداوار کے فیول کی قیمتیں تین گنا بڑھ چکی ہیں، ایل این جی پہلے تو ملتی نہیں، مل بھی جائے تو 42 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو میں مل رہی ہے جو بجلی صارفین کے لیے فائدہ مند نہیں ۔

چیئرمین نیپرا نےکہا  کہ اتنے زیادہ اضافےکی وجہ کیا ہے؟ مئی میں مہنگا فیول بھی کم استعمال ہوا، پھربھی اتنا اضافہ؟ اب دو ہی آپشن ہیں، مہنگی بجلی بنائیں یالوڈشیڈنگ کریں، اللہ کا واسطہ آئندہ درآمدی فیول کے بجائے مقامی وسائل پر بجلی پلانٹ لگائیں۔

نیپرا کے مطابق مئی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا اضافہ 7 روپے 90 پیسے بنےگا، اضافے کا اثر 113 ارب روپے ہوگا، اس اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔

مزید خبریں :