27 جون ، 2022
کراچی کے علاقے حیدرآباد کالونی میں پینے کے پانی میں گٹر کا پانی اور سوئی گیس شامل ہوگئی۔
ترقیاتی کاموں کیلئے کی گئی کھدائی کے دوران گیس، سیوریج اور واٹر سپلائی کی لائنیں ٹوٹ گئیں جس سے پینے کے پانی کی لائنوں میں گٹر کا پانی اور گیس شامل ہوگئی۔
گیس کی لائن ٹوٹنے سے پورے علاقے میں گیس کی بدبو پھیل گئی جس سے علاقہ مکین خوف کا شکار ہو گئے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی اور واٹر بورڈ کو شکایت کی گئی ہے مگر ان کی جانب سے تاحال کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ چولہا جلانے کے دوران ہوئے دھماکے سے ایک خاتون کے ہاتھ جل گئے ہیں، اگر ادارے فوری حرکت میں نہیں آتے تو گیس اور پانی کی لائنیں مکس ہونے اور پانی جمع کرنے والے ٹینک میں گیس جمع ہونے سے کوئی بڑا حادثہ ہونے کے امکان بڑھ جائیں گے۔