27 جون ، 2022
اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سابق رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھ دیا۔
اپنے خط میں عائشہ گلا لئی نے لکھا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان آرمی سمیت ملکی اداروں پر بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں، عمران خان پاک فوج کو سیاست میں گھسیٹ کر خانہ جنگی چاہتے ہیں۔‘
عائشہ گلالئی نے خط میں مزید لکھا کہ ’عمران خان بار بار نیوٹرل کا لفظ استعمال کر کے اداروں کو دھمکا رہے ہیں،سابق وزیر اعظم عمران خان کیخلاف از خود نوٹس لے کر غداری کا مقدمہ درج کیا جائے۔‘
سابق رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے خط میں لکھا کہ ’عمران خان کی جماعت تحریک انصاف پر پابندی عائد کی جائے، سابق وزیر اعظم عمران خان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) پر ڈالا جائے۔‘
خیال رہے کہ اگست 2017 میں عائشہ گلالئی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی چیئرمین عمران خان پر سنگین الزامات لگائے اور کہا کہ ان کی وجہ سے پارٹی میں ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی عزت محفوظ نہیں۔
عائشہ گلالئی نے اپنی پریس کانفرنس میں عمران خان کی جانب سے نامناسب پیغامات بھیجے جانے کا بھی دعویٰ کیا تھا جس کے بعد عمران خان نے عائشہ گلالئی کو پارٹی کی منحرف رکن قرار دیا اور ان کی اسمبلی رکنیت ختم کروانے کیلئے الیکشن کمیشن سے بھی رجوع کیا، تاہم الیکشن کمیشن نے عمران خان کا ریفرنس مسترد کردیا تھا۔
بعدازاں عائشہ گلالئی نے اپنی پارٹی بنانے کا اعلان کردیا تھا۔