مائیکرو سافٹ کا ونڈوز 8.1 کیلئے سپورٹ جنوری 2023 میں ختم کرنے کا اعلان

جنوری 2023 کے بعد ونڈوز 8.1 کے لیے سپورٹ ختم ہوجائے گی / فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا
جنوری 2023 کے بعد ونڈوز 8.1 کے لیے سپورٹ ختم ہوجائے گی / فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا

اگر آپ اب بھی اپنے کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ پر ونڈوز 8.1 آپریٹنگ سسٹم استعمال کررہے ہیں تو اب وقت آگیا ہے کہ ونڈوز 10 یا 11 پر سوئچ کرجائیں۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ مائیکرو سافٹ نے جنوری 2023 میں ونڈوز 8.1 کے لیے سپورٹ ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

10 جنوری 2023 کے بعد ونڈوز 8.1 آپریٹنگ سسٹم پر چلنے والے کمپیوٹرز کو نئی اپ ڈیٹس فراہم نہیں کی جائیں گی اور ان ڈیوائسز کے لیے سکیورٹی خطرات میں اضافہ ہوجائے گا۔

اس مقصد کے لیے مائیکرو سافٹ کی جانب سے ونڈوز 8.1 کے صارفین کو یاد دہانی کے نوٹیفکیشن آئندہ ماہ بھیجے جائیں گے۔

یہ نوٹیفکیشنز ویسے ہی ہوں گے جیسے ونڈوز 7 کے لیے سپورٹ ختم کیے جانے کے موقع پر بھیجے گئے تھے۔

مائیکرو سافٹ نے ونڈوز 8 کے لیے سپورٹ 2016 میں ختم کردی تھی مگر ونڈوز 8.1 کے لیے اپ ڈیٹس کا سلسلہ جاری رہا تھا۔

ونڈوز 8 اور 8.1 وہ آپریٹنگ سسٹمز ہیں جو مائیکرو سافٹ نے ٹچ اسکرین کو مدنظر رکھے ڈیزائن کیے تھے مگر یہ صارفین کو زیادہ پسند نہیں آسکے تھے۔

اسی باعث 2015 میں ونڈوز 10 کو متعارف کراتے ہوئے کمپنی نے ونڈوز 8 کے متعدد فیچرز کو نئے آپریٹنگ سسٹم کا حصہ نہیں بنایا تھا۔

اس وقت ونڈوز 8.1 آپریٹنگ سسٹم کو استعمال کرنے والے صارفین کو نئے آپریٹنگ سسٹم کو اپ ڈیٹ کرنے یا نئے کمپیوٹر کو لینے کا فیصلہ کرنا ہوگا۔

کمپنی نے خود تسلیم کیا ہے کہ ونڈوز 8.1 استعمال کرنے والی بیشتر ڈیوائسز ونڈوز 11 کو سپورٹ نہیں کرتیں تو ان کے لیے ونڈوز 10 ہی واحد متبادل ہے۔

مزید خبریں :