دنیا
Time 28 جون ، 2022

بل گیٹس نے سعودی شہزادے کے ساتھ مل کر 17ویں صدی کی قدیم عمارت خرید لی

مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے سعودی شہزادے الولید بن طلال کے ساتھ مل کر اٹلی میں قائم 17ویں صدی کی قدیم عمارت خرید لی—فوٹو:فائل
مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے سعودی شہزادے الولید بن طلال کے ساتھ مل کر اٹلی میں قائم 17ویں صدی کی قدیم عمارت خرید لی—فوٹو:فائل

مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے سعودی شہزادے  الولید بن طلال  کے ساتھ مل کر اٹلی میں قائم 17ویں صدی کی قدیم عمارت خرید لی ۔

رپورٹس کے مطابق  اٹلی کے دارالحکومت روم میں واقع 17 ویں صدی کی قدیم عمارت خرید کر اسے لگثری ہوٹل  میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ بل گیٹس روم میں اپنی اور سعودی شہزادے الولید بن طلال  کی مشترکہ کمپنی 'فور سیزنز ہوٹلز اینڈ ریزورٹس' کے ذریعے 17 ویں صدی کی ایک قدیم عمارت 'مرینی' کو خرید کر اسے شاہانہ سکس اسٹار ہوٹل میں تبدیل کررہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق اس قدیم عمارت کو 17 کروڑ ڈالرز میں خریدنے کا معاہدہ ہوا ہے جبکہ فور سیزنز ہوٹلز اینڈ ریزورٹس کمپنی نے 2کروڑ ڈالر سے زائد کی رقم ادا کردی ہے۔

دوسری جانب فور سیزنز کے ترجمان نے پیر کی شام تک اٹلی میں موجود تاریخی عمارت کو خریدے جانے کے حوالے سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

فوٹو:گوگل
فوٹو:گوگل

اطلاعات کے مطابق کئی سال قبل اس قدیم عمارت کے گراؤنڈ فلور کا زیادہ تر حصہ ایک  اسٹور میں تبدیل کردیا گیا تھا جو روم کے شہریوں کو سستی گھریلو سامان فروخت کرتا تھا جبکہ عمارت کے اوپر کے فلورز پر اٹلی کی پارلیمنٹ کے نمائندوں کیلئے ایک کیفےٹیریا موجود ہے ۔

رپورٹس کے مطابق سن 1650میں اس عمارت ک  کی تعمیر شروع کی گئی تھی اور برسوں تک یہ امرا کی بیٹھک کے طور پر استعمال ہوتی رہی جس کے بعد ایک موقع پر کیتھولک چرچ کے سابق سربراہ  پوپ انوسینٹ XII نے اس پر قبضہ کر لیا تھا۔

تاہم رپورٹس کے مطابق اب، فور سیزنز کمپنی عمارت کی تزئین و آرائش کے لیے 12 کروڑ ڈالر خرچ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

رپورٹس کے مطابق لگژری ہوٹل میں تقریباً 100 کمرے ہونے کی توقع ہے، اس میں کانفرنس سینٹر اور جم  بھی بنائے جائیں گے۔