کابینہ اجلاس: آزاد کشمیر میں مقیم کشمیری مہاجرین کی آبادکاری کے حوالے سے بڑا فیصلہ

8پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا شکار ہوکر آزاد کشمیر کی طرف ہجرت کرنے والے کشمیری خاندانوں کی ہمیشہ سپورٹ کی ہے: قمر زمان کائرہ: فوٹو پی آئی ڈی
8پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا شکار ہوکر آزاد کشمیر کی طرف ہجرت کرنے والے کشمیری خاندانوں کی ہمیشہ سپورٹ کی ہے: قمر زمان کائرہ: فوٹو پی آئی ڈی

وفاقی کابینہ نے آزاد کشمیر کی پناہ گاہوں میں مقیم مقبوضہ کشمیر کے مہاجرین کے لیے گھر بنانے کا اہم فیصلہ کر لیا ہے۔

اسلام آباد میں کابینہ اجلاس کے بعد وفاقی وزراء شیری رحمان اور مریم اورنگزیب کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے آزاد کشمیر میں مقیم مقبوضہ کشمیر کے مہاجرین کی آبادکاری کے لیے اہم فیصلہ کر لیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ آزاد کشمیر کی عارضی پناہ گاہوں میں مقیم مقبوضہ کشمیر کے 8 ہزار مہاجر  خاندانوں کے لیے نئے گھر بنائے جائیں گے۔

قمر زمان کائرہ نے میڈیا کو بتایا کہ کابینہ کی جانب سے پہلے مرحلے میں 1300 گھروں کی تعمیر کے لیے فوری طور پر 3 ارب 10 کروڑ روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گھروں کی تعمیرات جلد از جلد شروع کرانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے اور گھروں کی تعمیر کے لیے 40 فیصد زمین کی بھی نشاندہی کر لی گئی ہے۔

قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ مل کر دیگر زمین کی بھی جلد  ہی نشاندہی کر لی جائے گے اور اس سلسلے میں آزاد کشمیر حکومت کو ہر قسم کی سپورٹ فراہم  کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ان خاندانوں کے ہر فرد  کو جو ماہانہ وظیفہ دیا جاتا  اس وظیفے میں اضافے کے لیے بھی سمری بھیج دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و تشدد کا شکار ہوکر آزاد کشمیر کی جانب ہجرت کرنے والے 8 ہزارسے زائد خاندانوں کی ہمیشہ سپورٹ کی ہے۔

وزیر اعظم کے مشیر قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔

مزید خبریں :