15 نومبر ، 2012
کراچی … خلیفہ دوئم حضرت عمرفاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو فتوحات، اصلاحات، تدبر اور عدل کی وجہ سے تاریخ اسلام میں منفرد مقام حاصل ہے، سیدنا فاروق اعظم کا یوم شہادت یکم محرم الحرام کوعقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ جن کے قبول اسلام نے مسلمانوں کو اتنا مضبوط کیا کہ علی الاعلان مسجد حرام میں نماز ادا کی جانے لگی، 11سال کے عرصے میں 22 لاکھ مربع میل رقبے پر عدل و انصاف کا علم لہرانے والے سیدنا فاروق اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے دور خلافت کو اسلامی تاریخ کا سنہرا دور تصور کیا جاتا ہے۔ آپ کے دورِ خلافت میں بے شمار فتوحات ہوئیں، مسلح افواج کی باقاعدہ تشکیل، عدالتی نظام، بیت المال،پولیس، محاصل، نئے شہروں کا قیام، زرعی ومالیاتی اصلاحات، سنِ ہجری کی ترویج اور شہریوں کی فلاح و بہبود آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے انقلابی اقدامات تھے۔ یکم محرم الحرام سن 24 ہجری کو ابولولو فیروز نامی شخص نے نمازکے دوران آپ پر قاتلانہ حملہ کیا جس سے آپ کی شہادت ہوئی۔