کے الیکٹرک صرف شہر سے کمانے میں لگا ہوا ہے: شرجیل میمن

کے الیکٹرک سسٹم کی بہتری کے لیے چیزیں نہیں کررہا، انہوں نےافرادی قوت بھی کم کی ہے: صوبائی وزیر اطلاعات/ فائل فوٹو
کے الیکٹرک سسٹم کی بہتری کے لیے چیزیں نہیں کررہا، انہوں نےافرادی قوت بھی کم کی ہے: صوبائی وزیر اطلاعات/ فائل فوٹو

کراچی: وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہےکہ کے الیکٹرک منافع بخش ادارہ ہے جو سسٹم پر سرمایہ کاری کے بجائے صرف کمانے میں لگا ہوا ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل  میمن نے کہا  کہ کے الیکٹرک کے مسائل ہیں جو نئے نہیں پرانے ہیں، ہم اس پر بولتے رہے ہیں، کے الیکٹرک منافع بخش ادارہ ہے  جو  شہر سے کماتا ہے اسے چاہیے اپنے سسٹم پر سرمایہ کاری کرے مگر  وہ نہیں کرتے اور صرف کمانے میں لگے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک سسٹم کی بہتری کے لیے چیزیں نہیں کررہا، انہوں نےافرادی قوت بھی کم کی ہے۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کے علاوہ حیسکو اور دیگراداروں کی صورتحال اس سے بھی خراب ہے، سندھ کے دیہی علاقوں میں 18گھنٹوں تک لوڈشیڈنگ ہے جس کے باعث لوگ ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں، ان اداروں پر لازم ہے کہ اپنی مسائل کو خود حل کریں اور لوگوں کو بجلی فراہم کریں۔

صوبائی وزیر  نے مزید کہا کہ لوگوں کے مسائل ہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں سڑکیں بند کریں، اس سے ایمبولینسز رک جاتی ہیں،  روزگار پر جانے والے پریشان ہوتے ہیں، حکومت اداروں سے بات کررہی ہے اور مسائل حل کرنے کی کوشش کررہی ہے مگر اس کا مطلب یہ نہیں کہ عوام دوسرے لوگوں کے لیے پریشانیاں پیدا کریں، خود پریشان ہوکر لوگوں کے لیے پریشانیاں پیدا کرنا کوئی مناسب نہیں۔

مزید خبریں :