Time 29 جون ، 2022
انٹرٹینمنٹ

'عورت ہوں پارسل نہیں'، عالیہ بھٹ جھوٹی خبروں پر برس پڑیں

کچھ لوگوں کے ذہنوں میں ہم اب بھی ایک پدرانہ معاشرے میں رہتے ہیں: اداکارہ—فوٹو فائل
کچھ لوگوں کے ذہنوں میں ہم اب بھی ایک پدرانہ معاشرے میں رہتے ہیں: اداکارہ—فوٹو فائل

بالی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ نے اپنے متعلق غیر تصدیق شدہ خبریں پھیلانے پر بھارتی میڈیا کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

حال ہی میں عالیہ بھٹ نے مداحوں کو خوشخبری سنائی کہ ان کے اور رنبیر کے ہاں جلد پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے، اس خبر کے بعد جہاں بالی وڈ شخصیات کی جانب سے مبارکباد کا سلسلہ شروع ہوا وہیں مداحوں کی بھی خوشی کی انتہا نہ رہی۔

عالیہ بھٹ سے متعلق بھارتی میڈیا پر ان کے حاملہ ہونے اور شوٹنگ کے حوالے سے خبریں گردش کرنے لگیں جس پر عالیہ نے ردعمل دیا۔

اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوری پر  بھارتی  ویب سائٹ 'پنک ولا' کی ایک پوسٹ شیئر کی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ عالیہ بھٹ جولائی میں ممبئی واپس آئیں گی اور پھر رنبیر کپور اپنی بیوی کو گھر واپس لانے کے لیے  برطانیہ جائیں گے،عالیہ بھٹ شوٹ سے واپس آنے کے بعد آرام کریں گی۔

اسکرہن شاٹ
اسکرہن شاٹ

پوسٹ میں لکھا گیا کہ اداکارہ نے اپنے حمل کی منصوبہ بندی ہی اس طرح کی کہ  ان کی آئندہ شوٹ کے شیڈول پر کوئی اثر نہ پڑے۔

مذکورہ پوسٹ پر عالیہ نے سخت ناراضی کا اظہار کیا اور لکھا کہ  ’کچھ لوگوں کے ذہنوں میں ہم اب بھی ایک پدرانہ معاشرے میں رہتے ہیں‘۔

عالیہ بھٹ نے لکھا ' کوئی تاریخ مؤخر نہیں ہوئی، نہ ہی مجھے کسی کو لینے آنے کی ضرورت ہے، میں عورت ہوں، کوئی پارسل نہیں، مجھے آرام کی کوئی ضروت نہیں لیکن یہ جان کر خوشی ہوئی کہ آپ سب کے پاس ڈاکٹر ہونے کا سرٹیفکیٹ ہے‘۔

عالیہ بھٹ نے کہا کہ ’یہ 2022 ہے، کیا ہم اس گھسی پٹی سوچ سے باہر نکل سکتے ہیں؟‘

مزید خبریں :