ائیر نیوزی لینڈ کا طیاروں میں ٹرین کی طرح برتھ لگانے کا فیصلہ

یہ سہولت 2024 سے دستیاب ہوگی / فوٹو بشکریہ ائیر نیوزی لینڈ
یہ سہولت 2024 سے دستیاب ہوگی / فوٹو بشکریہ ائیر نیوزی لینڈ

اگر آپ کسی طیارے پر طویل سفر کرتے ہیں تو آرام کرنے کی سہولت دستیاب نہیں ہوتی بلکہ اپنی نشست پر ہی رہنا پڑتا ہے، بالخصوص اکانومی کلاس کے مسافروں کو۔

مگر بہت جلد یہ بدلنے والا ہے اور دنیا میں پہلی بار اکانومی کلاس کے مسافروں کے لیے کسی ٹرین کی طرح کے بستر دستیاب ہوں گے۔

ائیر نیوزی لینڈ نے اعلان کیا ہے کہ اس کی طویل پروازوں پر سفر کرنے والے اکانومی کلاس کے مسافروں کے آرام کے لیے خصوصی انتظام کیا جارہا ہے۔

یہ بستر 2024 میں طیاروں کا حصہ بنیں گے، جن کو کسی ٹرین کی برتھ کی طرح بک کرانا ہوگا۔

ائیر نیوزی لینڈ نے ان بستروں کو اسکائی نیسٹ کا نام دیا ہے اور ان پر آرام کرنے کے لیے اضافی خرچہ کرنا ہوگا۔

ایک مسافر 4 گھنٹوں کے لیے انہیں بک کراسکے گا / فوٹو بشکریہ ائیر نیوزی لینڈ
ایک مسافر 4 گھنٹوں کے لیے انہیں بک کراسکے گا / فوٹو بشکریہ ائیر نیوزی لینڈ

مسافر آرام کے لیے ان بستروں کو 4 گھنٹے کے لیے بک کراسکیں گے اور وہاں پرائیویسی کے لیے پردے لگائے جائیں گے جبکہ یو ایس بی چارجنگ کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔

فضائی کمپنی کی جانب سے 2024 کے آخر تک 8 بوئنگ 787 طیاروں میں اکانومی کلاس کے مسافروں کے لیے 6 ایسے اسکائی نیسٹ پوڈ نصب کیے جائیں گے۔

کمپنی کی جانب سے فی الحال قیمت کا فیصلہ نہیں کیا گیا، مگر مسافر صرف ایک بار ہی انہیں بک کرا سکیں گے اور 4 گھنٹوں بعد کسی اور کے لیے جگہ چھوڑنی ہوگی۔

مزید خبریں :