پی ٹی آئی اور ق لیگ کا لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان

عدالتی فیصلے کے باوجود الیکشن کمیشن نے 5 ارکان کا نوٹیفکیشن نہیں جاری کیا، ہائیکورٹ کے فیصلے میں کئی آئینی اور قانونی ابہام موجود ہیں، سپریم کورٹ کے سامنے قانونی نکات رکھے جائیں گے— فوٹو: فائل
عدالتی فیصلے کے باوجود الیکشن کمیشن نے 5 ارکان کا نوٹیفکیشن نہیں جاری کیا، ہائیکورٹ کے فیصلے میں کئی آئینی اور قانونی ابہام موجود ہیں، سپریم کورٹ کے سامنے قانونی نکات رکھے جائیں گے— فوٹو: فائل

اسپیکر  پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی نے کہا ہے وزیراعلیٰ پنجاب کے الیکشن سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عدالت نے  پریزائیڈنگ افسر بنا دیا ہے، ان کا الیکشن سے کیا لینا دینا؟ ہاؤس پورا نہیں ہے، حج کے بعد اجلاس رکھا جائے۔

ذرائع کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ جانے پر اتفاق ہوا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی نے  بیرسٹر علی ظفر کی سربراہی میں قانونی ٹیم سے مشاورت کی۔

اجلاس میں لاہورہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور اس حوالے سے قانونی پٹیشن کی تیاری بھی شروع کر دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے 5 ارکان حج کیلئے گئے ہوئے ہیں، 6 ارکان ضروری کام کے سلسلے میں بیرون ملک ہیں۔

اجلاس میں قانونی ماہرین نے بریفنگ دی کہ عدالتی فیصلے کے باوجود الیکشن کمیشن نے 5 ارکان کا نوٹیفکیشن نہیں جاری کیا، ہائیکورٹ کے فیصلے میں کئی آئینی اور قانونی ابہام موجود ہیں، سپریم کورٹ کے سامنے قانونی نکات رکھے جائیں گے۔

لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ

4-1 کی اکثریت سے جاری عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ نئے الیکشن کا حکم نہیں دیا جا سکتا، دوبارہ الیکشن کا حکم سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف ہوگا، ہم پریزائیڈنگ افسر کے نوٹیفکیشن کو کالعدم کرنے کا بھی نہیں کہہ سکتے، عدالت پریزائیڈنگ افسر کا کردار ادا نہیں کر سکتی۔

عدالت نے حکم دیا ہےکہ منحرف ارکان کے 25 ووٹ نکال کر دوبارہ گنتی کی جائے، دوبارہ رائے شماری میں جس کی اکثریت ہوگی وہ جیت جائےگا، اگر کسی کو مطلوبہ اکثریت نہیں ملتی تو آرٹیکل130چار کے تحت سیکنڈ پول ہوگا، 25 ووٹ نکالنے کے بعد اکثریت نہ ملنے پر حمزہ شہباز وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے پر قائم نہیں رہیں گے۔

مزید خبریں :