عدالتی فیصلے سے پنجاب میں آئینی بحران کا خاتمہ ہوگا، وزیراعلیٰ پنجاب

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کا لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پربیان سامنے آیا ہے۔

حمزہ شہباز کا کہنا ہےکہ ہمیشہ کی طرح آج بھی عدلیہ کے فیصلےکا احترام کرتے ہیں، فیصلے سے پنجاب میں3 ماہ سے جاری آئینی بحران کا خاتمہ ہوگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہےکہ اپوزیشن نے اپنی انا کی تسکین کے لیے صوبےکو آئینی بحران میں دھکیلا،  آئینی بحران کا سب سے زیادہ  نقصان صوبےکے عوام کو  اٹھانا پڑا، عہدے  آنی جانی چیز  ہے، اصل کام اللہ کی مخلوق کو راضی کرنا ہوتا ہے، سیاست برائے سیاست کا  قائل نہیں بلکہ سیاست کو خدمت کا درجہ دیتا ہوں۔

حمزہ شہباز کا کہنا ہےکہ خلق خدا کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنا میری زندگی کا مقصد ہے، دکھی انسانیت کی تکالیف کا مداوا میری سیاست ہے، امید ہے اس فیصلے کے اثرات صوبے کے عوام کے لیے خیر کا باعث بنیں گے۔

ان کا کہنا ہےکہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ چیلنجز کا مقابلہ کیا، آئین اور قانون سے ماورا کوئی اقدام نہیں کیا، جن لوگوں نے آئین اور قانون سے کھلواڑ کیا ان کے چہرے قوم کے سامنے ہیں۔

مزید خبریں :