Time 03 جولائی ، 2022
پاکستان

پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ہیڈ ارسلان خالد کا مبینہ آڈیو لیک پر تبصرے سے گریز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سوشل میڈیا ٹیم کے سربراہ ارسلان خالد نے بشریٰ بی بی اور اُن سے منسوب مبینہ آڈیو کے حوالے سے تبصرہ کرنے سے انکار کردیا— فوٹو: فائل
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سوشل میڈیا ٹیم کے سربراہ ارسلان خالد نے بشریٰ بی بی اور اُن سے منسوب مبینہ آڈیو کے حوالے سے تبصرہ کرنے سے انکار کردیا— فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سوشل میڈیا ٹیم کے سربراہ ارسلان خالد نے بشریٰ بی بی اور اُن سے منسوب مبینہ آڈیو کے حوالے سے تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔

جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں اینکر شہزاد اقبال نے مؤقف کیلئے رابطہ کیا تو ارسلان خالد نے نہ تصدیق کی اور نہ ہی تردید۔

میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے ارسلان خالد نے کہا کہ وہ اس پر رد عمل کیوں دیں؟ سوال تو اُن سے پوچھنا چاہیے جو اس قسم کی چیزیں لیک کرتے ہیں۔

آڈیو لیک میں کیا تھا؟

خیال رہے کہ گزشتہ روز عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور چیئرمین پی ٹی آئی کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا ارسلان خالد کے درمیان گفتگو کی مبینہ آڈیو سامنے آئی تھی۔

اس مبینہ آڈیو میں سنا جا سکتا ہے کہ بشریٰ بی بی نے ہی غداری کا بیانیہ بنانے کی ہدایت کی۔ بشریٰ بی بی نے یہ بھی ہدایت کی کہ فرح گوگی کیس غداری کے بیانیے میں گڈمڈ کر دیا جائے۔

مبینہ آڈیو میں بشریٰ بی بی ، ارسلان خالد کو ہدایات جاری کرتی سنی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ جو لوگ پی ٹی آئی چھوڑ رہے ہیں ان کے خلاف کیسی مہم چلائی جائے۔ بشریٰ بی بی نے ہدایت کی کہ پی ٹی آئی چھوڑنے والوں کو غدار کہا جائے۔

بشریٰ بی بی نے کہا کہ فرح کے خلاف بھی بہت گند ڈالا جائے گا، فرح کے خلاف باتوں پر بھی غداری کے ٹرینڈ چلانے ہیں ۔

اس سے قبل پی ٹی آئی رہنما کہتے رہے ہیں کہ بشریٰ بی بی کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں جب کہ ذرائع بتاتے تھے کہ عثمان بزدار اور وزیر اعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی کے انتخاب کے پیچھے بھی بشریٰ بی بی کا ہاتھ تھا۔

جہانگیر ترین اور ذلفی بخاری کو ہٹانے کے پیچھے بھی بشریٰ بی بی کا ہاتھ بتایا جاتا ہے۔

مزید خبریں :