بیٹے کو خود ریاضی کے پرچے کی تیاری کرانے والا باپ نتیجہ دیکھ کر کیوں رونے لگا؟

فوٹو:اسکرین گریب
فوٹو:اسکرین گریب

ہر باپ کا خواب ہوتا ہے کہ اس کے بچے پڑھائی میں اچھے ہوں تاکہ ان کا مستقبل روشن ہوسکے، اس جدوجہد میں کچھ والدین اپنے بچوں کو مہنگی ٹیوشن دلواتے ہیں توکچھ خود ہی اپنی مصروفیت سے وقت نکال کر انہیں پڑھاتے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان دنوں چین کے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا گیا کہ بیٹے کو ایک سال تک خود ریاضی کے پرچےکی تیاری کرانے والا چینی  باپ امتحان کا نتیجہ دیکھ کر رونے لگ گیا۔

آپ کو یقیناً لگ رہا ہوگا کہ ایک سال سے  ریاضی پڑھانے والے باپ کا بیٹا پرچے میں بہترین نمبروں سے پاس ہوگیا ہوگا اور اس لیے والد اس کی کامیابی پر رونے لگا۔

اگر آپ ایسا سوچ رہے ہیں تو ایسا بالکل نہیں ہوا، دراصل ہوا کچھ یوں کہ  جب بیٹے کا نتیجہ آیا تو ریاضی کے پرچے میں اس نے کل 100 نمبروں میں سے محض 6 نمبر لیے۔اتنے برے نمبر دیکھ کر والد دل برداشتہ ہوکر رونے لگ گیا۔

 سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والی ویڈیو میں ریاضی کے پرچے کا نتیجہ دیکھ کر باپ کو پہلے روتے ہوئے دیکھا گیا تاہم جب اسے معلوم ہوا کہ بیوی کی جانب سے اس کی ریکارڈنگ کی جارہی ہے تو اس نے اپنے آنسو کپڑے سے صاف کرلیے۔

چینی میڈیا کے مطابق باپ کا کہنا تھا کہ ' مجھے اب کوئی پرواہ نہیں، میری کوششیں رائیگاں گئیں،بیٹے کو  اب خود محنت کرنی ہوگی'۔

دوسری جانب ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین نے ملے جلے تبصرے کیے کچھ نے باپ کے ساتھ ہمدردی کی جبکہ کچھ نے بیٹے کا ساتھ دیا۔

خیال رہے کہ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ چینی شخص کا بیٹا کونسی جماعت میں پڑھتا تھا۔