Time 05 جولائی ، 2022
پاکستان

ماڈل و اداکارہ صوفیہ مرزا کی بیٹیوں کا مؤقف سامنے آگیا

والدہ کو کئی بار بتا چکی ہیں کہ ہم ان کے ساتھ رہنا نہیں چاہتی ہیں لیکن انہوں نے ہمیں مکمل طور پر نظرانداز کرتے ہوئے انٹرنیٹ پر جھوٹا ڈرامہ بنایا ہوا ہے،بیٹیوں کا مؤقف — فوٹو: اسکرین شاٹ
والدہ کو کئی بار بتا چکی ہیں کہ ہم ان کے ساتھ رہنا نہیں چاہتی ہیں لیکن انہوں نے ہمیں مکمل طور پر نظرانداز کرتے ہوئے انٹرنیٹ پر جھوٹا ڈرامہ بنایا ہوا ہے،بیٹیوں کا مؤقف — فوٹو: اسکرین شاٹ

ماڈل و اداکارہ صوفیہ مرزا کی بیٹیوں نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی والدہ نے انٹرنیٹ پر جھوٹا ڈرامہ بنایا ہوا ہے، ہم اپنی مرضی سے والد کے ساتھ رہتی ہیں۔

ماڈل صوفیہ مرزا کی بیٹیوں کا کہنا ہے کہ ان کی والدہ کے اس بیان میں کوئی صداقت نہیں ہے کہ والد نے ہمیں ہماری مرضی کے خلاف زبردستی اپنے ساتھ رکھا ہوا ہے، ہم سے صرف والد نے ہی نہیں عدالت نے بھی کئی بار پوچھا کہ ہم اپنے والد کے ساتھ رہنا چاہتی ہیں یا نہیں؟ ہم نے ہمیشہ اپنی مرضی سے والد کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی والدہ کو بھی کئی بار بتا چکی ہیں کہ ہم ان کے ساتھ رہنا نہیں چاہتی ہیں لیکن انہوں نے ہمیں مکمل طور پر  نظرانداز کرتے ہوئے انٹرنیٹ پر جھوٹا ڈرامہ بنایا ہوا ہے، وہ ظاہر کرنے کی کوشش کرتی ہیں کہ وہ اپنے بچوں کے لیے لڑ رہی ہیں لیکن حقیقت میں ایسا کچھ نہیں ہے، ہم خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ ان کے ساتھ نہیں رہتے۔

صوفیہ مرزا کی بیٹیوں کا مزید کہنا تھا کہ والدہ کے ساتھ سوشل میڈیا پر کافی مرتبہ بات چیت ہوئی ہے لیکن کبھی خوشگوار بات چیت نہیں ہو پائی، وہ ہمیشہ ہمیں انفلوئنس کرکے والد کے خلاف کرنا چاہتی ہیں، اُن کی اس بات میں کبھی کوئی دلچسپی نہیں رہی کہ ہم کیا ہیں اور ہم کیا چاہتی ہیں۔

خیال رہے ماڈل و اداکارہ صوفیہ مرزا نے سابق شوہر پر دھمکیاں دینے کا الزام لگاتے ہوئے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا تھا کہ انہیں ان کی بیٹیاں واپس دلوائی جائیں، انہوں نے کہا تھا کہ سابق شوہر عمر فاروق ظہور انہیں بیٹیوں سے ملنے نہیں دے رہا ہے، وہ 10 سال سے اپنی بچیوں سے نہیں ملی ہیں، بیٹیوں سے جدائی بہت تکلیف دہ معاملہ ہے، سابق شوہر عمرفاروق ظہور  ان کی بیٹیوں کو صدف ناز کی بیٹیاں ظاہر کرکے دبئی لے گیا ہے۔

مزید خبریں :