06 جولائی ، 2022
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہےکہ بشریٰ بی بی اداروں کے خلاف مہم چلانے کی ہدایات دیتی رہیں اور سائفر سے متعلق خط بھی بشریٰ بی بی کی ہدایت پر نکالا گیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم عمران خان کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو سب کچھ اس وقت یاد آتا ہے جب ان کے اسکینڈل سامنے آئے، تحقیقات کا عمل تیز ہوچکا ہے آپ کی چوریاں سامنے آئیں گی، بنی گالہ میں ہیروں کا کاروبار، زمینوں پر قبضے اور توشہ خانہ کے ریٹس لگائے جارہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اگر بیرون ملک سازش ہوئی تھی تو آپ نے 8 مارچ کوکیوں نہیں بتایا،کیوں جوڈیشل کمیشن نہیں بنا، اب عوام کوآپ نے بتانا کچھ نہیں ہے آپ نے عوام کو جواب دینا ہے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے تھے کہ بشریٰ بی بی گھریلو خاتون ہیں، اب عمران خان یہ بھی بتائیں کہ کیوں بشریٰ بیگم ٹرینڈز جاری کرنے کی ہدایت جاری کرتی ہیں، سائفر سے متعلق خط بشریٰ بی بی کی ہدایت پر نکالا گیا، بشریٰ بی بی اداروں کے خلاف مہم چلانے کی ہدایات دیتی رہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بزنس ٹرانزیکشن فرح گوگی اور بشریٰ بی بی کے درمیان ہوتی رہیں، اب بشریٰ بی بی کہتی ہیں بچی فرح کو کرپشن کے ساتھ جوڑا جائے گا تو غداری کے ٹرینڈ چلاؤ۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ہم نے ماضی میں 18 گھنٹے کی لوڈ شینڈنگ کو صفر کیا تھا، ابھی بھی شہباز شریف کا فوکس لوڈ شیڈنگ اورانرجی پرہے، وزیر اعظم نے وعدہ کیا ہے کہ ریلیف بھی ملے گا، روزگار بھی ملے گا اور معیشت بھی ٹھیک ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ لگژری اور غیر ضروری اشیاء کی درآمد پر پابندی سے متعلق نظر ثانی کی جارہی ہے، کچھ چیزیں شامل کرکے کچھ چیزیں نکالنی ہوں گی اس کا باضابطہ اعلان کردیا جائےگا۔