Time 09 جولائی ، 2022
پاکستان

عمران کی سیاست جھوٹ اور بہتان تراشی پر مبنی ہے، دوبارہ اقتدار میں نہیں آ سکتے: احسن اقبال

عمران خان نفرت کی سیاست کو فروغ دے رہے ہیں، ان کی زہریلی سیاست کا سد باب ضروری ہے: وفاقی وزیر. فوٹو فائل
عمران خان نفرت کی سیاست کو فروغ دے رہے ہیں، ان کی زہریلی سیاست کا سد باب ضروری ہے: وفاقی وزیر. فوٹو فائل

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان اقتدار جانے کے بعد سڑکوں پر دھکے کھا رہے ہیں، وہ دوبارہ اقتدار میں نہیں آ سکتے۔

احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کی سیاست جھوٹ اور  بہتان تراشی پر مبنی ہے، انہیں جو شرمندگی اٹھانی پڑی وہ اسی کا نتیجہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ دوبارہ اقتدار میں نہیں آسکتے، جھوٹ بار بار نہیں بِکتا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں گزشتہ روز پیش آئے واقعے پر اندرون و بیرون ممالک سے اظہار یکجہتی کے پیغامات آ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا قانون اجازت دیتا ہے کہ ہلڑبازی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کروں لیکن اس واقعے میں خواتین اور بچے شامل تھے اس لیے قانونی کارروائی نہیں کر رہا، ایسے واقعات کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے، اگر میرے ساتھ سکیورٹی گارڈ ہوتا یا کوئی جذباتی حمایتی ہوتا تو صورت حال گھمبیر ہو سکتی تھی۔

رہنما مسلم لیگ ن نے مزید کہا کہ عمران خان نفرت کی سیاست کو فروغ دے رہے ہیں، عمران نیازی کی زہریلی سیاست کا سدبات نہ کیا تو معاشرے میں ہر طرف نفرت پھیل جائے گی، ہم معاشرے کو انتہا پسندی سے پاک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ نفرت اور انتہا پسندی کے نظریات کینسر کی طرح پھیلتے ہیں۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کو کرکٹ میں لانے والا اس کا کزن ماجد خان تھا، عمران خان نے لوگوں کو ٹشو پیپر کی طرح استعمال کیا، آج عمران خان سڑکوں پر دھکے کھا رہا ہے، عمران خان دوبارہ اقتدارمیں نہیں آسکتا۔

مزید خبریں :