Time 11 جولائی ، 2022
صحت و سائنس

غذا میں کی جانے والی وہ عام غلطی جو جلد موت کا خطرہ بڑھائے

یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

روزانہ کی بنیاد پر غذا میں ایک عام چیز کا اضافہ جلد موت کا باعث بن سکتا ہے۔

یہ انتباہ ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

یونیورسٹی اسکول آف پبلک ہیلتھ اینڈ ٹروپیکل میڈیسین کی تحقیق میں بتایا گیا کہ کھانے میں اوپر سے نمک چھڑکنے اور جلد موت کے درمیان تعلق موجود ہے۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کھانوں میں نمک کا اضافہ مردوں کی زندگی میں 2 سال جبکہ خواتین کی اوسط عمر میں ڈیڑھ سال کی کمی کا باعث بن سکتا ہے۔

تحقیقی ٹیم نے بتایا کہ شواہد سے ثابت ہوتا ہے کہ لوگوں کو کھانے پر اضافی نمک چھڑکنے سے گریز کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پہلی بار ہے جس میں کھانے پر اوپر سے نمک چھڑکنے اور قبل از وقت موت کے درمیان تعلق کا تجزیہ کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نمک کے استعمال میں معتدل کمی لانا بھی صحت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔

اس تحقیق میں 5 لاکھ سے زیادہ افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا جن کی غذائی عادات کی جانچ پڑتال اوسطاً 9 سال تک کی گئی تھی۔

ویسے تو نمک کی مجموعی مقدار کے بارے میں جاننا مشکل ہوتا ہے کیونکہ متعدد پراسیس غذاؤں میں نمک کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے۔

مگر اس تحقیق کے لیے کھانوں پر نمک چھڑکنے کی عادت کا جائزہ لیا گیا تھا۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کھانے پر نمک چھڑکنے سے قبل از وقت موت کا خطرہ 28 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

تحقیق کے دوران دیگر عناصر جیسے عمر، جنس، جسمانی وزن، تمباکو نوشی، جسمانی سرگرمیوں،مختلف امراض جیسے ذیابیطس اور بلڈ پریشر کو بھی مدنظر رکھا گیا تھا۔

ماہرین نے بتایا کہ نمک کا کم استعمال صحت کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب تک کہ شواہد سے عندیہ ملتا ہے کہ نمک کے استعمال سے کسی فرد کے صحت مند ہونے کا اندازہ لگانا ممکن ہے۔

مزید خبریں :