Time 14 جولائی ، 2022
پاکستان

پنجاب ضمنی الیکشن، پی ٹی آئی نے مبینہ حکومتی مداخلت کیخلاف ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ ایجنٹس کی نامزدگی اور پنجاب حکومت کی مبینہ مداخلت روکنے کے لیے لاہور  ہائی کورٹ میں دو درخواستیں دائر کردیں۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے پہلی درخواست میں الیکشن کمیشن کو فریق بنایا ہے، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے غیر قانونی طور پر حلقے کے ووٹر کو ہی پولنگ ایجنٹ نامزد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جو الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 77 کی خلاف ورزی ہے۔

ہائی کورٹ آفس نے درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا ہے، جسٹس شاہد جمیل جمعےکو درخواست پر سماعت کریں گے۔

 یاسمین راشد کی ضمنی انتخابات میں پنجاب حکومت کی مبینہ مداخلت روکنےکی دوسری درخواست میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی مصدقہ نقل نہ لگانے پر ہائی کورٹ آفس نے اعتراض عائد کر دیا ہے جس کی سماعت جمعہ 15 جولائی کو جسٹس شاہد جمیل کریں گے۔

 اس درخواست میں چیف سیکرٹری، آئی جی، ڈی جی آئی بی، ڈی جی ایف آئی اے اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔

یاسمین راشد نے مؤقف اختیارکیا کہ حمزہ شہبازکو سپریم کورٹ نے 22 جولائی تک محدود مدت تک بطور وزیراعلیٰ کام کرنےکی اجازت دی ہے، حکومت تحریک انصاف کےکارکنوں اور سپورٹرز کو ہراساں کر رہی ہے، عدالت سے استدعا ہےکہ وہ اسے روکنےکا حکم جاری کرے۔

مزید خبریں :