14 جولائی ، 2022
کراچی میں حالیہ شدید بارشوں اور پانی جمع رہنے کی وجہ سے 145 مقامات پر سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جس کی وجہ سے ٹریف کی روانی بھی متاثر ہورہی ہے۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل ٹریفک پولیس کراچی احمد نواز چیمہ نے شہر میں ایسے 145 مشکل ترین راستوں کی نشاندہی کی ہے۔
ٹریفک پولیس کی تفصیلی رپورٹ کے مطابق مون سون بارشوں کے دوران یا پانی جمع رہنے سے سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے احمد نواز چیمہ نے اس حوالے سے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو خط لکھ دیا ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق شہر کے تمام ڈسٹرکٹس کی بیشتر سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں۔ جہاں سے ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک کی رپورٹ کے مطابق ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں 12 مقامات پر مرکزی سڑکوں کے مختلف حصے ٹوٹے ہوئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ سٹی میں 15، سینٹرل میں 40 مقامات ایسے ہیں جہاں سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق کراچی ایسٹ میں 21 اور کورنگی میں 15 مقامات پر سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں۔
احمد نواز چیمہ کے مطابق کراچی ویسٹ میں 13 اور ملیر میں 29 مقامات ایسے ہیں جہاں سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو آگاہی کے ساتھ ساتھ متعلقہ اداروں کی توجہ مبذول کراتے ہوئے ان سڑکوں کی فوری مرمت کیلئے نشاندہی کی ہے۔