18 جولائی ، 2022
پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں لاہور کی 3 نشستیں جیت لیں۔
لاہور میں پنجاب اسمبلی کی 4 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوئے اور اب تک کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق شہر کی 4 میں سے 3 سیٹیں پی ٹی آئی نے جیت لی ہیں جبکہ ایک نشست ن لیگ کے حصے میں آئی ہے۔
لاہور میں پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 158 کی نشست پی ٹی آئی کے نام رہی اور میاں محمد اکرم عثمان کامیاب قرار پائے۔
حلقے کے مکمل 151 پولنگ اسٹیشنز کے غیرسرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی امیدوار نے 36888 ووٹ لیکر فتح حاصل کی جبکہ ن لیگ کے رانا احسن 31447 ووٹ لے سکے۔
پی پی 167 کے تمام 140 پولنگ اسٹیشنز کے غیرسرکاری و غیرحتمی نتیجے کے مطابق تحریک انصاف کے شبیر احمد نے 40175 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کرلی۔
ن لیگ کے نذیر چوہان 26306 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
لاہور میں پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 170 کے تمام 79 پولنگ اسٹیشنز کے غیرسرکاری و غیر حتمی نتائج کے تحت پاکستان تحریک انصاف کے ملک ظہیر عباس 24007 ووٹ لے کر فاتح قرار پائے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے محمد امین ذوالقرنین نے 16766 ووٹ حاصل کیے۔
لاہور کی 4 نشستوں میں سے ایک سیٹ ن لیگ کے نام رہی اور ملک اسد علی کھوکھر نے پی پی 168 میں کامیابی حاصل کی۔
پی پی 168 کے مکمل 96 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق ملک اسد کھوکھر نے 26169 ووٹ لیے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے محمد نواز اعوان نے 15767 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔