18 جولائی ، 2022
راو لپنڈی پی پی 7 سے شکست کھانے والے پی ٹی آئی امید وار شبیر اعوان نے الیکشن کے نتائج کو مسترد کردیا۔
ایک بیان میں شبیر اعوان نے کہا کہ ہم 4 ہزار کی لیڈ سے جیت رہے تھےدوبارہ گنتی کی درخواست دیں گے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما بابراعوان کا کہناتھا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتہائی بے نظمی کا مظاہرہ کیاگیا، یہ الیکشن پاکستان تحریک انصاف جیت چکی ہے اور ووٹوں کی کھلی گنتی ہونی چاہیے۔
یاد رہے کہ پی پی 7 راولپنڈی کے تمام 260 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتیجے کے مطابق (ن) لیگ کے راجہ صغیر احمد 68906 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جب کہ پاکستان تحریک انصاف کے محمد شبیر اعوان نے 68857 ووٹ حاصل کیے، اس طرح تحریک انصاف پی پی 7 راول پنڈی کی نشست 49 ووٹوں سے ہاری ہے۔
ادھر حلقہ پی پی 7 کا باضابطہ اعلان آر او رائے سلطان بھٹی نے پریس کانفرنس میں کیا اور اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ نتائج میں تاخیر پہاڑی علاقوں کی وجہ سے ہوئی، یہ پنجاب کا سب سے بڑا حلقہ ہے، آر او دوبارہ گنتی کرتا ہے تو تمام امیدواروں کو نوٹس کیا جائےگا۔