Time 18 جولائی ، 2022
پاکستان

پنجاب ضمنی انتخابات: تازہ ترین پارٹی پوزیشن میں پی ٹی آئی سب سے آگے

17 جولائی کو ہونے والے ضمنی الیکشن میں ایک آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوا ہے جب کہ رکن پنجاب اسمبلی چوہدری نثار غیر فعال ہیں/  فائل فوٹو
17 جولائی کو ہونے والے ضمنی الیکشن میں ایک آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوا ہے جب کہ رکن پنجاب اسمبلی چوہدری نثار غیر فعال ہیں/  فائل فوٹو

پنجاب کی 20 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے نتائج سامنے آنے کے بعد صوبائی اسمبلی  میں پارٹیوں کی پوزیشن سامنے آگئی ہے جس کے تحت پی ٹی آئی اسمبلی میں سب سے زیادہ نشستوں کے ساتھ اوپر ہے۔

پنجاب میں اس وقت سامنے آنے والی پارٹی پوزیشن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے اسمبلی  میں پہلے 163 ممبران تھے لیکن ضمنی الیکشن میں 15 نشستیں حاصل کرنے سے اس کے ارکان کی تعداد 178  ہوگئی ہے۔

پی ٹی آئی 178، (ق) لیگ 10: مجموعی نشستیں 188

پنجاب میں پی ٹی آئی کی اتحادی جماعت (ق) لیگ کے کل 10 ارکان ہیں جس کے بعد دونوں جماعتوں کے پنجاب اسمبلی میں اس وقت مجموعی طور پر 188 ارکان ہیں۔

(ن) لیگ 168، پی پی 7، آزاد 3، راہ حق پارٹی ایک: کل نشستیں 179

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کےپہلے پنجاب اسمبلی میں 164 ارکان تھے لیکن ضمنی الیکشن میں 4  نشستیں لینے کے بعد اب اس کے ارکان کی تعداد 168 ہوگئی ہے۔

اس کےعلاوہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کے 7 ارکان ہیں جب کہ 3 آزاد ارکان اور ایک رکن راہِ حق پارٹی کا ہے جس کے بعد (ن) لیگ کے اتحادیوں کے ساتھ کل نمبر 179 ہیں۔

چوہدری نثار غیر فعال، اسمبلی کی 2 نشستیں اب بھی خالی

17 جولائی کو ہونے والے ضمنی الیکشن میں ایک آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوا ہے جب کہ رکن پنجاب اسمبلی چوہدری نثار غیر فعال ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے 371 کے ایوان میں (ن) لیگ کے 2 ارکان کے استعفوں کے بعد اس وقت بھی 2 نشستیں خالی ہیں۔


مزید خبریں :