18 جولائی ، 2022
پنجاب کے ضمنی الیکشن میں شکست کی وجوہات پر غور کیلئے لندن میں بھی ن لیگ کے قائد میاں محمد نواز شریف کی سربراہی میں اجلاس ہوا۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں سے ضمنی انتخابات میں شکست پر مشاورت کی۔ اجلاس میں اسحاق ڈار ، محسن نواز رانجھا، انوشہ رحمان اور سعود مجید نے شرکت کی۔
پاکستان سے بھی مسلم لیگ ن کی سینیئر قیادت نے نواز شریف سے رابطہ کیا۔ ذرائع کے مطابق ضمنی انتخابات میں ناکامی کی بڑی وجہ مہنگائی اور سخت فیصلوں کو قرار دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ضمنی انتخابات میں پارٹی رہنماؤں کو بھی نظرانداز کرنا بھی شکست کی وجہ قرار دیا گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کی 20 نشستوں پر ضمنی الیکشن ہوئے جن میں سے 15 پر تحریک انصاف، 4 پر ن لیگ اور ایک نشست پر آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔
یہ 20 نشستیں پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے منحرف ارکان کے ڈی سیٹ ہونے پر خالی ہوئی تھیں۔
ان 15 نشستوں کے حصول کے بعد 22 جولائی کو وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں تحریک انصاف اور اس کی اتحادی جماعت ق لیگ کو ن لیگی اتحاد پر برتری حاصل ہوگئی ہے۔