20 جولائی ، 2022
لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما اور صوبائی وزیر عطا تارڑ نے پریس کانفرنس کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن پنجاب اسمبلی (ایم پی اے) چوہدری مسعودکا استعفیٰ دکھا دیا۔
عطا تارڑکا کہنا تھا کہ ہر روز لیڈر تبدیل کرنا اور اسے والدکہنا مناسب نہیں، چوہدری مسعودکو ایک پیسا بھی دیا ہو تو اللہ مجھ پر عذاب نازل فرمائے، عطا تارڑ نے پریس کانفرنس میں 3 اپریل 2022 کا چوہدری مسعودکا استعفیٰ بھی دکھایا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ایم پی اے چوہدری مسعود 3 اپریل کو مستعفی ہوچکے، قرآن پر حلف دینےکو تیار ہوں کہ چوہدری مسعودکوکوئی پیسا نہیں دیا۔
صوبائی وزیرکا کہنا تھا کہ آپ کو 188ووٹ چاہئیں جو آپ کے پاس موجود ہیں، پی ٹی آئی کے ایک رکن کے استعفےکے بعد187 رہ گئے ہیں جب کہ مسلم لیگ ن اور اتحادی 180 پر کھڑے ہیں ،سات ووٹوں کا فرق ہے، ہمارے شرقپوری اور فیصل نیازی نے استعفیٰ نہ دیا ہوتا تو پانچ ووٹوں کا فرق ہوتا۔
انہوں نے مزیدکہا کہ آپ کا ایک استعفیٰ آیا ہے ہوسکتا ہے مزید استعفے آجائیں، آپ کی پارلیمانی پارٹی میں آج صرف 100افراد موجود تھے، شرقپوری سےآج بھی رابطہ ہے واپس آئیں گے تو ضرور لیں گے، جلیل شرقپوری اور فیصل نیازی نے استعفیٰ دیا، ہم نے تو نہیں کہا کہ ان کو پیسے دیےگئے۔
خیال رہےکہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدی نے اپنی ہی جماعت کے رکن پنجاب اسمبلی چوہدری مسعود پر 40 کروڑ روپے لے کر بیرون ملک جانے کا الزام عائد کیا تھا۔
فوادچوہدری کا کہنا تھاکہ پنجاب میں ایک انتخاب پراثر انداز ہونے کے لیے شیطانی کھیل شروع کیا گیا ہے ، ملک کا وزیرداخلہ کہہ رہا ہے کہ 5، 6 ارکان ادھر ادھر ہوسکتے ہیں، رحیم یار خان سے ہمارے ایم پی اے چوہدری مسعود مبینہ طور پر 40 کروڑ روپے لے چکے ہیں اور ترکی پہنچ چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو دبئی توکسی کو ترکی میں ہوٹل بک کرکے دے رہے ہیں، زرداری اینڈ کمپنی ہر حالت میں حکومت سے چمٹے رہنا چاہتے ہیں، ہر ٹھیکیدار آصف زرداری اینڈ کمپنی کو پیسے دے رہا ہے۔