21 جولائی ، 2022
کراچی میں پریڈی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی کرنسی بنانے والے گروہ کو گرفتار کرلیا۔
اس حوالے سے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) صدر علی مردان نے بتایا کہ ملزمان جعلی امریکی ڈالر، اماراتی درہم اور پاکستانی کرنسی بناتے تھے، گرفتار ملزمان میں احمد وقاص، امیر خان اور ابن امین شامل ہیں۔
ایس پی صدر علی مردان نے مزید بتایا کہ جعلی کرنسی پھیلانے والے نیٹ ورک کے کارندے دبئی میں بھی موجود ہیں، ملزمان کے دیگر ساتھی پشاور، لاہور اور ملتان میں بھی ہیں، گروہ کے دیگر کارندوں کی گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل دے دی ہے، جعلی کرنسی پھیلانے والا نیٹ ورک طویل عرصے سے کراچی میں کام کر رہا تھا۔
ایس پی صدر نے بتایا کہ ملزمان ملک کیلے بدنامی کا باعث بن رہے تھے، ملزمان سے سیکڑوں جعلی امریکی ڈالر سمیت دیگر جعلی کرنسی برآمد ہوئی ہیں۔