Time 22 جولائی ، 2022
سائنس و ٹیکنالوجی

انسٹاگرام میں اب تمام پبلک فوٹوز کو ریلز کیلئے استعمال کیا جاسکے گا

یہ فیچر آنے والے ہفتوں میں دستیاب ہوگا / فوٹو بشکریہ انسٹاگرام
یہ فیچر آنے والے ہفتوں میں دستیاب ہوگا / فوٹو بشکریہ انسٹاگرام

انسٹاگرام پر اگر آپ کا اکاؤنٹ پبلک ہے تو بہت جلد تمام صارف آپ کی تصاویر کو ری مکس کے لیے استعمال کرسکیں گے۔

انسٹاگرام کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ آنے والے ہفتوں میں پبلک فوٹوز کو ریلز میں ری مکس کرنے کا فیچر متعارف کرایا جارہا ہے۔

اس فیچر کا مقصد ریلز کے لیے صارفین کو زیادہ مواد فراہم کرنا ہے۔

انسٹاگرام میں اس تبدیلی کا مقصد حریف ایپ ٹک ٹاک کے مقابلے میں صارفین کی توجہ حاصل کرنا ہے۔

ری مکسنگ کا یہ فیچر بائی ڈیفالٹ ان ایبل ہوگا البتہ صارف اسے ٹرن آف کرسکیں گے۔

میٹا کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اس فیچر کو متعارف کرانے سے قبل پوسٹ کی گئی تصاویر کو استعمال نہیں کیا جاسکے گا مگر صارف چاہے تو انفرادی پوسٹس کے لیے یہ آپشن ان ایبل کرسکے گا۔

ایسا ہی انسٹاگرام نے جنوری 2022 میں پبلک ویڈیوز کو ری مکسنگ کا فیچر کراتے ہوئے بھی کیا تھا۔

اس بات کا امکان ہے کہ فوٹوگرافرز کی جانب سے اس فیچر کو پسند نہ کیا جائے کیونکہ ان کی تصاویر کے کاپی رائٹس متاثر ہوسکتے ہیں۔

مزید خبریں :