پاکستان
Time 23 جولائی ، 2022

مہنگائی کی لہر برقرار، ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ جاری

رواں ہفتے مہنگائی کی مجموعی شرح 32 اعشاریہ 82 فیصد رہی، اس دورانب 31 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں: رپورٹ/ فائل فوٹو
رواں ہفتے مہنگائی کی مجموعی شرح 32 اعشاریہ 82 فیصد رہی، اس دورانب 31 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں: رپورٹ/ فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کردی۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے مہنگائی کی مجموعی شرح 32 اعشاریہ 82 فیصد رہی، اس دوران  31 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں اور صرف 9 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی جب کہ 9 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

رپورٹ کےمطابق رواں ہفتے برائلر مرغی فی کلو 10 روپے 88 پیسے اور  لہسن کی فی کلو قیمت 7روپے 5 پیسے بڑھ گئی جب کہ دال ماش 6 روپے 6 پیسے فی کلو تک مہنگی ہوئی۔

ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق ایل پی کا گھریلو سلنڈر 9 روپے 35 پیسے تک مہنگا ہوا، رواں ہفتے گندم کا 20کلو آٹے کا تھیلا 4روپے21 پیسے تک مہنگا ہوا جب کہ  مٹن، مصالحہ جات، دودھ،  دہی،  بریڈ اور سگریٹس کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ہائی اسپیڈ ڈیزل 40روپے 57 پیسے، پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 18روپے 49 پیسے تک کمی ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق ٹماٹر 4 روپے 77 پیسے، کیلے 3 روپے 76 پیسے  اور چینی کی فی کلو قیمت میں 39 پیسے کی کمی ہوئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے سبزیوں گھی،گڑ، پیاز اور جلانے کی لکڑی بھی سستی ہوئی جب کہ بجلی، گیس اور ماچس سمیت 9 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

مزید خبریں :