فوج، قابل قدر ادارہ

ہماری فوج دنیا کی عظیم فوج ہے۔ آج پاکستان میں امن ہے تو صرف پاک فوج کی وجہ سے ہے۔ حالیہ سیاسی بحران کے دوران پاک فوج نے بطور ادارہ جس طرح غیر جانبداری کا عملی ثبوت فراہم کیا ہے وہ پوشیدہ امر نہیں۔

پاک فوج ملک کا سب سے بڑا ادارہ ہے جس میں پورے ملک کے کونے کونے سے لوگ بھرتی ہوتے ہیں اور پھر ایک خاندان کی طرح گزر بسر کرتے ہیں۔ یہ لوگ رنگ و نسل سے آزاد ، فرقہ واریت سے ماوراء اور ہر طرح کے بغض و کینہ سے پاک ہوتے ہیں۔ فوج ضرورت پڑنے پر الیکشن ڈیوٹی بھی سرانجام دیتی ہے۔ لہٰذا یہ الزام تراشی کرنا کسی طور درست نہیں کہ پاک فوج حکومت بناتی ہے۔ امن و امان کی صورت حال پر کبھی بھی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ اس لئے صورت حال پر لگاتار نظر رکھی جاتی ہے تاکہ دشمن کو ضرب لگانے کا موقع نہ ملے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا یہ اظہاریہ کہ فوج کی طاقت عوام ہیں ، اس حقیقت کا ترجمان ہے کہ فوج اپنی طاقت عوام سے لیتی ہے۔ عوام اور فوج کے درمیان یگانگت،محبت اور بھرپور حمایت کی کیفیت ہی وہ اہم ترین کڑی ہے جو ملکی دفاع کے استحکام کا ذریعہ بنتی ہے اس لیے جدید جنگی تکنیک میں دشمن قوتوں کا سب سے بڑا حربہ یہی ہے کہ فوج اور عوام کے درمیان محبت کا وہ رشتہ کمزورکر دیں جو دفاع وطن کے لیے سربکف ہر فوجی، ہر پائلٹ، ہر میرین کو یہ اعتماد دیتا ہے کہ اس کی پشت پر پوری قوم کی حمایت، محبت اوردعائوں کی وہ طاقت ہے جو اسے کمزور نہیں ہونے دے گی۔

پاک فوج کے سربراہ کئی برس سے قوم کو ہائبرڈ وار کے ہتھکنڈوں سے خبردار کرتے رہے ہیں جس کے ذریعے دشمن قوتیں جھوٹی خبریں پھیلا کر، قیاس آرائیوں کا سیلاب لاکر اور دیگر طریقوں سے قوم اور فوج کے درمیان دوری پیدا کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔ فوج ایک قوم کا اثاثہ ہوتی ہے۔ اگرپاک فوج نہ ہوتی تو ملک کی حالت عراق شام، لبنان، لیبیا اور برما سے بھی بری ہوتی۔ جس طرح ہر فردہے ملت کے مقدر کا ستارہ۔ 

اسی طرح میری نظر میں پاک فوج سے تعلق رکھنے والا ہر فرد خواہ سپاہی ہو یا جرنیل آسمانِ شجاعت کا ایک درخشندہ ستارہ ہے جس کے سینے پر کسی نہ کسی قربانی کا تمغہ سجا ہوا ہے۔ پاک فوج اپنے دفاع کے فرائض میں مصروف ہے۔ عوام کو سمجھنا ہوگا کہ فوج کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اس کا مفاد صرف ملکی دفاع ہے۔ فوج صرف حکومت کی مدد کرتی ہے جہاں وہ فوج سے مدد لیتی ہے اور یہ ایک مثبت علامت ہے۔

پاکستان میں سیاسی جماعتوں کو عوامی حمایت حاصل کرنے کیلئے کسی بھی ادارے کےخلاف بیان بازی نہیں کرنی چاہئے۔ فوج کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، غیر ضروری تنقید سے پرہیز کریں۔ہمیں پاکستان کی حفاظت کیلئے اپنی فوج کی خدمات کو تسلیم کرنا چاہئے۔ جو افراد افواج پاکستان کے خلاف سازش کر رہے ہیں وہ ناکام رہیں گے۔ پاک فوج ملک کی ترقی میں ہمہ وقت کوشاں ہے اور جب بھی ملک و قوم کو ضرورت ہو گی عوام کی خدمت کیلئے حاضر رہے گی۔

کچھ عناصر یہ تاثر پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ پاک فوج کے اندر خلیج ہے۔ایسے لوگ جان لیں کہ پاک فوج ایک یکجا دستہ ہے جو اپنی لیڈر شپ کے پیچھے مضبوطی سے کھڑا ہے۔ہر سازش اور طاقت جو اس سے ٹکرائے گی پاش پاش ہو جائے گی ۔ جنگ ہو یا ناگہانی آفات ، فوج نے ہمیشہ بھرپور طریقے سے اپنا کردار ادا کیا ہے۔ چند ٹکوں یا ذاتی مفاد کی خاطر فوج اور اسکی قیادت کے خلاف ہذیان بکنے والے گویا ایسے ہی ہیں جیسے کہ منافقین۔ ان کو پہچانیں اور ان سے قطع تعلق کیجئے۔ ذاتی بغض کی بنیاد پر پاک فوج اور اسکی قیادت کے بارے میں ہرزہ رسائی کرنے والے ہی اصل میں میر جعفر اور میر صادق ہیں۔

50 کے قریب اسلامی ممالک میں پاکستان وہ واحد ملک ہے جو امت مسلمہ کے دل کی حیثیت رکھتا ہے اس ملک کو اللہ پاک نے ایٹمی قوت سے نوازاہے، اس ملک کو اللہ پاک نے دنیا کی طاقت ور ترین خفیہ ایجنسی سے نوازا ہے،اس ملک کی افواج دنیا کی بہترین افواج میں سے ایک ہے، اس ملک نے تاریخ میں کئی ایسی کارنامے سر انجام دیے ہیں جو آج بھی امت مسلمہ کے لیے باعث فخر ہیں، اپنی گھر کی حفاظت کا کام اللہ پاک نے اس ملک سے لیا۔ اسلام اور امت مسلمہ کی بقاء کی جنگ کی کمان اللہ پاک نے اس ملک کو سونپی۔

یہ فوج ہی ہے جس نے اسلام اور پاکستان دشمنوں کو اللہ کی مدد سے انکے ہر عزائم میں ناکام بنایا ۔کیسے کیا ،کب کیااور کس کس محاذ پر کیا اس بات کی سمجھ آج تک اسلام اورپاکستان دشمنوں کو نہیں آئی بس یہ دشمن اتنا جانتے ہیں کہ جس حکمت عملی کو وہ اپنی کامیابی سمجھتے تھے اس کامیابی کے قریب پہنچ کران کی یہ حکمت عملی ان کی اپنی تباہی بن جاتی ۔آج اسلام اور پاکستان مخالف دشمن اس بات کا اعتراف کرتے ہیں کہ پاکستان کی ہستی مٹانے والوں کی اپنی بستیاں مٹ گئیں لیکن پاکستان کے خلاف انہیں ایک فیصد بھی کامیابی نہی ملی، یہ اعتراف ایک سوپر پاور روس نے ایک دور میں کیا تھا، آج یہ اعتراف دوسری سوپر پاور امریکہ کی جانب سے کیا جا رہا ہے۔

بہت جلد دنیا کے تمام ممالک اس بات کو تسلیم کرنے کے ساتھ ساتھ دنیا کے سامنے اعلان کریں گے کہ دنیا کی واحد سوپر پاور پاکستان ہے جس کی فوج ہر لمحہ اسلام پاکستان امت مسلمہ کی بقاء کی جنگ لڑ رہی ہے۔


جیو نیوز، جنگ گروپ یا اس کی ادارتی پالیسی کا اس تحریر کے مندرجات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔