24 جولائی ، 2022
کراچی کے مختلف علاقوں میں رات سے ہی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
گلبرگ، لیاقت آباد، ایم اے جناح روڈ اور آئی آئی چندریگر روڈ پر وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کے علاوہ لانڈھی،کورنگیِ نصیر آباد، یونیورسٹی روڈ،ملیر، پی آئی بی، ناظم آباد میں بھی پھوار پڑ رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج دوپہر اور شام کو بارش کی شدت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے شہریوں کو بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کراچی میں ایک اور طوفانی بارش کی پیش گوئی کردی گئی لیکن گزشتہ بارش کے آثار اب تک باقی ہیں، جگہ جگہ سڑکوں پر پڑنے والے گڑھے اب تک بھرے نہ جاسکے۔
واضح رہے کہ چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کراچی میں صبح 8 سے 9 بجے کے درمیان تیز بارش کا امکان ظاہر کیا تھا، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کل پورا دن شہر میں وقفے وقفے سے تیز بارش جاری رہ سکتی ہے۔
سردار سرفراز کے مطابق کراچی میں 200 ملی میٹر یا اس سے زائد بارش کا امکان رہے گا۔