Time 25 جولائی ، 2022
پاکستان

کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری،سڑکيں تالاب بن گئيں

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

کراچی بھر میں اتوار کی صبح سے  وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، متعدد علاقوں میں موسلا دھار بارش کے بعد سڑکيں تالاب بن گئيں ۔

اتوار اور پیر کی درمیانی شب کو  صدر، آئی آئی چندریگر روڈ،شارع فیصل،لیاقت آباد، ائیرپورٹ،ملیر،ناگن چورنگی، نارتھ کراچی،کے ڈی اے چورنگی،کریم آباد سمیت متعدد علاقوں میں تیز بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے آج دوپہر ایک سے دو بجے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بارش کا سلسلہ 26 جولائی کی رات تک جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ 30 جولائی سے ایک اور سسٹم اثرانداز ہوسکتا ہے۔

 سب سے زيادہ  بارش صدر کے علاقے میں164 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی،گڈاپ میں  49.6 ملی میٹر،کورنگی میں 44.4 ملی میٹر، سعدی ٹاؤن میں 39.6 ملی میٹر،گلشن معمار میں 36.9 ملی میٹر،یونیورسٹی روڈ پر 36.8 ملی میٹر اور اولڈ ائیرپورٹ پر 33 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

بارش کے باعث  وفاقی اور سندھ حکومت نے کراچی اور حیدرآباد میں آج چھٹی کا اعلان کردیا، بارش سے  فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا ،گزشتہ روز کراچی آنے اور جانے والی 10 پروازیں منسوخ اور 9 تاخیر کاشکار ہوئیں ۔

 کے الیکٹرک کاکہنا ہے کہ بارش کے دوران حفاظت کے باعث 180 فیڈرز بند کردیے۔

 موسلا دھار بارش کے بعد پی ای سی ایچ ایس میں گھروں میں پانی داخل ہوگیا،کے پی ٹی، سب میرین انڈر پاس اور مہران انڈر پاس میں بھی بارش کا پانی جمع ہوگیا۔

فوٹو: آن لائن
فوٹو: آن لائن

مسلسل بارش کے باعث ملیر ریور برج میں گہرا شگاف پڑگیا ، برج کا بڑا حصہ متاثر ہونے کے بعد ،ایک ٹریک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ۔

موسلادھار بارش میں اتوار کی شام گئے شدت کے بعد پیدا صورتحال کے باعث گرین لائن بس سروس  آج بھی معطل رہے گی، گرین لائن بس سروس آپریشن اتوار کی رات مقررہ وقت سے پہلے ہی معطل کر دیا گیا تھا۔

مزید خبریں :