26 جولائی ، 2022
جاپان میں حالیہ ہفتوں کے درمیان بندروں کے حملوں سے تقریباً 42 شہری زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپان میں بندرعام ہیں اور کچھ حصوں میں یہ مسائل کا باعث ہیں کیوں کہ یہ بندر فصلیں کھاتے اور بعض اوقات گھروں میں داخل ہوکر شہریوں کو کاٹتے اور انہیں زخمی کردیتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق حالیہ ہفتوں میں جاپان کے مغرب میں واقع شہر یاماگوچی میں مبینہ طور پر ایک یامختلف بندروں کے حملوں کا غیر معمولی سلسلہ شروع ہوا،جس میں بڑوں اور بچوں سمیت 42 افراد زخمی ہوئے۔
یاماگوچی شہر پہاڑوں سے گھرا ہوا ہے اور یہاں بندروں کا ہونا کوئی نئی بات نہیں لیکن کم وقت میں بندروں کے حملوں میں شہریوں کی اتنی بڑی تعداد کا زخمی ہونا تشویش ناک ہے۔
حکام کے مطابق یہ واضح نہیں ہوا کہ حملوں میں ایک ہی بندر ملوث ہے یا شہریوں پر حملے کرنے میں بہت سے بندر شامل ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مقامی حکام نے بندروں کو پکڑنے کیلئےجال لگانا شروع کیے لیکن اس میں ناکامی کے بعد اب حملے روکنے کیلئے بندروں پر بے ہوشی والی بندوقوں کا استعمال شروع کیا جارہا ہے۔
پولیس اہلکار 8 جولائی کو بندروں کی جانب سے پہلے حملے کے بعد سے علاقے میں گشت کر رہے ہیں لیکن ابھی تک وہ کسی بندر کو پکڑنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔
پولیس نے علاقہ مکینوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپنے گھر کی کھڑکیاں اور دورازے بند رکھیں۔