27 جولائی ، 2022
آئی سی سی نے ٹیسٹ کرکٹ کی نئی رینکنگ جاری کردی جس کے بعد بابراعظم تینوں فارمیٹ میں ٹاپ تھری پر آنے والے دنیا کے واحد بلے باز بن گئے۔
آئی سی سی کے مطابق انگلینڈ کے جو روٹ ٹیسٹ رینکنگ میں پہلے نمبر پر برقرار ہیں جب کہ آسٹریلیا کے مارنس لبوشین دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
رینکنگ کے مطابق پاکستان کے کھلاڑیوں کی رینکنگ میں ترقی ہوئی ہے اور بابراعظم ایک درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کی رینکنگ میں بابراعظم پہلے نمبر پر موجود ہیں، اس طرح قومی کپتان اب تینوں فارمیٹ میں ٹاپ تھری پر موجود ہیں اور وہ دنیا کے واحد بیٹر ہیں جو کرکٹ کے تینوں فارمیٹ میں ٹاپ تھری پر آئے ہیں۔
آئی سی سی رینکنگ کے مطابق پاکستان کے عبداللہ شفیق کی ٹیسٹ رینکنگ میں 23 درجے ترقی ہوئی ہے اور وہ 16 نمبر پرآگئے ہیں۔
بولرزکی ٹیسٹ رینکنگ میں آسٹریلیا کے پیٹ کمنز کا پہلا اور بھارت کے ایشون کا دوسرا نمبر ہے جب کہ پاکستان کے شاہین آفریدی کی ایک درجےترقی ہوئی اور وہ اب چوتھے سے تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
ٹیسٹ آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں بھارت کے رویندرا جڈیجا کا پہلا نمبر ہے جب کہ ایشون دوسرے اور بنگلادیش کے شکیب الحسن تیسرے نمبر پر ہیں۔