27 جولائی ، 2022
کراچی میں آزمائشی بنیادوں پر سیف سٹی پراجیکٹ شروع کردیا گیا جس میں دو مقامات پر ہائی ٹیک کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔
کراچی میں مجموعی طور پر 5 کیمرے حسن اسکوائر اور بلوچ کالونی پل کے نیچے نصب کیے گئے ہیں، 12میگا پکسل کے کیمروں میں جدید ترین سکیورٹی فیچرز شامل ہیں۔
ان کیمروں کے ذریعے سڑک پر چلتی گاڑی کا نمبر اور فرنٹ سیٹ پر بیٹھے افراد کی شناخت ممکن ہورہی ہے، کیمروں کے ذریعے صرف گاڑی نمبر سے اس کی شہر کی شاہراہوں پر نقل و حرکت کا پتا لگایا جاسکے گا۔
جدید کیمروں کے ’چہروں کی شناخت‘ کے فیچر کے ذریعے تصاویر کا ڈیٹا بینک بنایا جائے گا اور کیمروں کے ساتھ نصب ریڈار گاڑیوں کی اسپیڈ کا سراغ لگانے میں مدد دے گا۔
کیمروں کی مدد سے 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار پر بھاگنے والی گاڑی بھی قابل شناخت ہوگی جب کہ جدید کیمروں میں آئی ٹی ایس سسٹم کے ذریعے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر خودکار چالان ہوسکیں گے، یہ کیمرے دن اور رات میں یکساں ریکارڈنگ کی اہلیت رکھتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ سیف سٹی کراچی پراجیکٹ کی منظوری ستمبر سے پہلے متوقع ہے اور منظوری کے بعد فوری طور پر پراجیکٹ پر کام شروع کردیا جائے گا۔