27 جولائی ، 2022
کوکو پاؤڈر کا استعمال بلڈ پریشر کی سطح اور شریانوں کی اکڑن کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
کوکو میں موجود فلیونولز کے بارے میں سابقہ تحقیقی رپورٹس میں دریافت کیا گیا تھا کہ وہ بلڈ پریشر کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ شریانوں کی صحت کے لیے بلڈ پریشر ادویات جتنے ہی مفید ہوتے ہیں۔
برطانیہ کی سرے یونیورسٹی کی اس نئی تحقیق میں اس خیال کو تقویت پہنچی ہے کہ کوکو کو بلڈ پریشر کے علاج کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
یہ اپنی طرز کی پہلی تحقیق تھی جس میں کوکو میں موجود فلیونولز کے استعمال کی جانچ پڑتال کی گئی تھی اور حقیقی دنیا میں بلڈ پریشر اور شریانوں کی اکڑن میں کمی لانے کے لیے اس کی آزمائش کی گئی۔
محققین نے بتایا کہ ہائی بلڈ پریشر اور شریانوں کا اکڑنا کسی فرد میں امراض قلب اور فالج کا خطرہ بڑھانے والے عناصر ہیں، تو ان مسائل کے علاج کے لیے منفرد طریقوں کو جاننا ضروری ہے۔
اس تحقیق میں 11 صحت مند رضاکاروں کو شامل کیا گیا تھا جن کو کوکو فلیونولز کے 6 کیپسول یا پلیسبو کے 6 کیپسول استعمال کرائے گئے۔
ان افراد کے اوپری بازو کے بلڈ پریشر نمبر حاصل کیے گئے اور شریانوں کی صحت کو جانچا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ کوکو فلیونولز کے کیپسول کھانے والے افراد میں بلڈ پریشر اور شریانوں کی اکڑن میں نمایاں کمی آئی۔
اسی طرح کوکو کھانے کے 8 گھنٹے بعد بھی مثبت اثرات کو دریافت کیا گیا۔
محققین کا ماننا ہے کہ کوکو کا یہ دوہرا اثر معدے میں موجود بیکٹریا کا نتیجہ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوکو میں موجود فلیونولز ہماری دل کی شریانوں کے نظام پر مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں بالخصوص خون کی شریانوں کے افعال اور بلڈ پریشر پر۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے جو دریافت کیا اس سے عندیہ ملتا ہے کہ کوکو فلیونولز سے بلڈ پریشر اسی وقت کم ہوتا ہے جب وہ بڑھا ہوا ہو۔
اس تحقیق کے نتائج جریدے فرنٹیئرز ان نیوٹریشن میں شائع ہوئے۔