27 جولائی ، 2022
ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی ) نے ایشیا کپ 2022 کی منتقلی کا اعلان کر دیا ہے۔
اے سی سی کے باضابطہ اعلان کے بعد ایشیا کپ سری لنکا کے بجائے متحدہ عرب امارات ( یو اے ای) میں کھیلا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق سری لنکا نے ملک میں جاری معاشی و سیاسی بحران کے پیش نظر ایشیا کپ 2022 کی میزبانی کرنے سے معذرت کی تھی جس کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سارو گنگولی نے پہلے ہی اعلان کردیاتھا کہ رواں سال شیڈول ٹورنامنٹ متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔
اے سی سی کا کہنا ہے کہ سری لنکا میں موجودہ صورتحال کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی جس کے بعد متفقہ طور پر وینیو کی تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا۔
صدر سری لنکا کرکٹ شامی سلوا کا کہنا ہے کہ ہم اے سی سی کے فیصلے کے ساتھ کھڑے ہیں۔
دوسری جانب ایمریٹس کرکٹ بورڈ کے چیئر مین خالد الزرونی کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ کے لیے یو اے ای کے وینیو کا اعلان ہونے پر خوش ہیں ،ہمارے پاس اچھا انفرا اسٹرکچر ہے ،ہم ٹیموں کو خوش آمدید کہنے کے لیے منتظر ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ایشیا کپ کی میزبانی سری لنکا کے پاس رہے گی۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ رواں برس 27 اگست سے 11 ستمبر تک کھیلا جائے گا اور یہ ٹورنامنٹ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ پر منعقد ہوگا۔