Time 27 جولائی ، 2022
پاکستان

ادارے سے کوئی گلہ نہیں البتہ اٹک پار سے شکوہ ضرور ہے: فضل الرحمان

اپنی سیاست کی فکر کرو، ہم نے تمہاری حکومت کو زمین بوس کردیا، اب پنجاب حکومت کی خیر مناؤ جو چند دن کی مہمان ہے: سربراہ پی ڈی ایم— فوٹو: فائل
اپنی سیاست کی فکر کرو، ہم نے تمہاری حکومت کو زمین بوس کردیا، اب پنجاب حکومت کی خیر مناؤ جو چند دن کی مہمان ہے: سربراہ پی ڈی ایم— فوٹو: فائل

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) و جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہمیں ادارے سے کوئی گلہ نہیں البتہ اٹک پار سے شکوہ ضرور ہے۔

صحافیوں سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ اپنی سیاست کی فکر کرو، ہم نے تمہاری حکومت کو زمین بوس کردیا، اب پنجاب حکومت کی خیر مناؤ جو چند دن کی مہمان ہے، تم نے امریکا، این جی اوز  اور اداروں کی سپورٹ پر سیاست کی ہے، پی ٹی آئی جیسی سیاست پر لعنت بھیجتا ہوں۔

ان کا کہنا تھاکہ ہم عمران خان کے بوگس بیانیہ کو زمین بوس کرچکے ہیں، تم حادثات کے ذریعے اپنی سیاست چمکانا چاہتے ہو اب ایسا نہیں ہونے دیں گے، اگر قانون میں کہیں سقم ہے تو اس پر قانون سازی ہونی چاہیے۔

پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں سے متعلق سربراہ پی ڈی ایم کا کہنا تھاکہ اسپیکر قومی اسمبلی کو کہا ہے تحقیقات کرکے استعفوں کو قبول کریں، یہ اسپیکر قومی اسمبلی کی صوابدید ہے وہ کب استعفے منظور کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ادارے سے کوئی گلہ نہیں البتہ اٹک پار سے شکوہ ضرور ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ اپنی حکومت سے میری شکایت ہے، فارن فنڈنگ، مالم جبہ، ہیلی کاپٹر کیس اور بی آر ٹی کیس کا کیوں فیصلہ نہیں ہو رہا؟

ان کا کہنا تھاکہ ق لیگ سے متعلق طارق چیمہ یا زرداری کی گفتگو کا علم نہیں، چوہدری شجاعت کے ساتھ مختلف ایشوز پر مشاورت ہوئی۔

عمران خان سے متعلق مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ ہم پہلے کی طرح اب بھی عمران خان کے بیانیہ کو ناکام بنائیں گے، کبھی کہتے ہیں امریکی مراسلہ آیا جو جھوٹ ثابت ہوا، کبھی کہتا ہے کوئی قتل کرنا چاہتا ہے آپ کو کوئی کیوں قتل کرے گا؟

مزید خبریں :